لڑکی کے ایک نوجوان کے ساتھ جانے کے معاملے پر سروہی میں مظاہرہ

0
news18

سروہی (یو این آئی) راجستھان کے سروہی میں ایک لڑکی کے دوسری برادری کے نوجوان کے ساتھ جانے کا معاملہ زور پکڑتا جا رہا ہے اور آج اس تعلق سے سروہی بند ہےاورکوتوالی تھانے کے سامنے مظاہرہ جاری ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق اس معاملے کو لے کر سرو سماج کی جانب سے سروہی بند کی کال دی گئی تھی اور اس کے تحت صبح سے ہی بازار بند ہیں۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ بند پرامن ہے اور اس دوران کہیں سے کوئی ناخوشگوار خبر موصول نہیں ہوئی۔
اس دوران اس معاملے کے تعلق سے جمع ہونے والے سینکڑوں لوگوں نے ایک ریلی نکالی جو کوتوالی تھانے پہنچی اور اپنے مطالبات کے لیے تھانے کے سامنے مظاہرہ شروع کردیا۔ مظاہرین ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی معطلی اور لڑکی کی بازیابی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صورتحال کے پیش نظرتھانے کے باہر رکاوٹیں لگا کر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ 23 ​​مئی کو کوتوالی تھانے میں ایک کیس درج کرایا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ سروہی کا رہنے والا ایک شخص کچھ عرصے سے احمد آباد میں رہ رہا ہے اور اس کی بیٹی 27 مئی کو احمد آباد سےامتحان دینے سروہی آئی تھی اورپھروہ لاپتہ ہوگئی۔ اس کے بعد لڑکی کے والد نے یکم جون کو اغوا کی رپورٹ درج کرائی اوراپنی بیٹی کو بھگاکر لے جانے کا الزام لگایا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS