جمنا کی آبی سطح بڑھنے کے بعد الرٹ، راحت کا کام جاری، 37ہزار لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت

0

نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی میں جمنا ندی کے کنارے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی منتقلی کے لیے ’الرٹ‘جاری کر دیا گیا ہے کیونکہ بالائی علاقوں میں مسلسل بارش کے بعد دریا کے پانی کی سطح خطرے کے نشان سے 206.18 میٹر تک بڑھ گئی ہے۔ اس سال آبی سطح میں اب تک کا سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ افسران نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
مشرقی دہلی کے ضلع مجسٹریٹ انل بنکا نے کہا کہ منگل کی صبح پانی کی سطح 206 میٹر کے نشان کو عبور کرنے کے بعد لوگوں کو ہٹانے کے لیے ’الرٹ‘ جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمناکے کنارے نشیبی علاقوں کو خالی کرایا جا رہا ہے اور لوگوں کو اونچی جگہوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ان کے قیام کے لیے سرکاری اسکولوں اور آس پاس کے علاقوں میں نائٹ شیلٹروں میں انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پانی کی سطح میں مزید اضافہ کے امکان کے پیش نظر لوگوں کو خبردار کرنے کے لیے یہ اعلانات کیے جا رہے ہیں۔
دہلی میں جمناکنارے نشیبی علاقوں کو سیلاب کا خطرہ سمجھا جاتا ہے، جہاں تقریباً 37 ہزار لوگ رہتے ہیں ۔ دو ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ افسران نے سیلاب جیسی صورت حال کے باعث نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو نکالا ہے۔ دہلی فلڈ کنٹرول آفس نے کہا کہ پرانی دہلی ریلوے پل پر پانی کی سطح منگل کی صبح 6.45 بجے 206 میٹر کو عبور کر گئی۔ صبح 9 بجے تک دریا میں پانی کی سطح 206.18 میٹر تک بڑھ گئی۔ کنٹرول روم کی پیش گوئی کے مطابق دن کے وقت سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان پانی کی سطح 206.5 میٹر تک بڑھ سکتی ہے۔ صبح 7 بجے ہریانہ کے ہتھنی کنڈ بیراج سے تقریباً 96 ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمنا ندی کے خطرے کے نشان کو عبور کرنے کے بعد اس پر بنے لوہے کے پل کو ٹرینوں کے ساتھ ساتھ دیگر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے۔ شمالی ریلوے کے افسرنے دہلی ٹریفک پولیس سے بات کرنے کے بعد منگل کی شام تقریباً 4.15 بجے پل کو بند کرنے کا فیصلہ لیا۔اس پل کے بند ہونے کے بعد یہاں سے گزرنے والی تقریباً 2 درجن ٹرینوں کا آپریشن متاثر ہوا ہے ۔ شمال ریلوے کے مطابق 7 ٹرینوں کا آپریشن منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ 8 ٹرینوں کے روٹ تبدیل کردیے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS