دہلی پہنچا مانسون بارش سے راجدھانی پانی پانی

0

نئی دہلی (ایس این بی) : مانسون کی پہلی بارش3 دن کی تاخیر سے جمعرات کو دہلی پہنچی، جس کی وجہ سے گرمی سے کافی حد تک لوگوں کو راحت ملی۔ آج ہونے والی بارش نے گزشتہ 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ دن کے دوران دہلی میں اوسط بارش 116.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ لودھی روڈ علاقہ میں اس مدت کے دوران سب سے زیادہ 107.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس دوران ڈی یو علاقہ میں 58.5 ملی میٹر اور پیتم پورہ میں 55.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش کے بعد درجۂ حرارت اتنا گر گیا کہ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجۂ حرارت کا فرق صرف 2 ڈگری سینٹی سیلسیس رہ گیا۔ آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 29.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 7 ڈگری سیلسیس کم تھا۔ کم سے کم درجۂ حرارت 27.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو آج معمول کا درجۂ حرارت تھا۔ اس عرصے کے دوران سب سے کم زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 25.9ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
صبح بارش شروع ہونے کے ساتھ ہی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ٹویٹ کیا تھا کہ جنوب مغربی مانسون دہلی، اتر پردیش، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، پنجاب، ہریانہ اور راجستھان کے کچھ حصوں میں 30 جون کو پہنچ جائے گا۔ جنوب مغربی مانسون عام طور پر 27 جون کو قومی راجدھانی پہنچتا ہے اور اس کا اثر پورے ملک میں 8 جولائی تک نظر آتا ہے۔ دہلی میں یکم جون سے عام بارش 66.7 ملی میٹر کے مقابلے میں صرف 24.5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ بارش کا یہ اعداد و شمار 16-20 جون کے دوران ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کی طرف سے مانسون کی بارش کے حوالے سے دی گئی پیش گوئی کے مطابق دہلی میں آئندہ بدھ تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اتنا ہی نہیں آج کی طرح جمعہ کو بھی دہلی میں بارش کے امکان کو دیکھتے ہوئے محکمہ نے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ کل درجۂ حرارت 32 سے 24 ڈگری سینٹی سیلسیس کے درمیان رہے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS