دہلی میں تعلیمی ادارے 29نومبر سے کھلیں گے

0
zeenews

نئی دہلی (اظہار الحسن/ ایس این بی) : دہلی سرکار نے قومی راجدھانی خطہ میں آلودگی کم ہونے کے بعد پابندی ہٹا لی ہے۔دہلی کے اندر اسکول اورکالج 29نومبر سے کھول دیے جائیں گے۔ سی این جی اور الیکٹرک ٹرک کو 27نومبر سے دہلی میں داخلہ دیا جائے گا۔باقی ٹرک پر 3دسمبر تک راجدھانی میں داخلے پر پابندی رہے گی ۔سرکاری دفاتر کو 29نومبر سے کھول دیا جائے گا ۔سبھی ملازمین کو پبلک ٹرانسپورٹ سے آنے کی ایڈ وائزری جاری کی گئی ہے ۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے آج پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی کے اندر پچھلے تین دنوں سے مسلسل آلودگی کی سطح میں سدھار ہورہا ہے ۔دیوالی سے پہلے، جو آلودگی کی حالت تھی ،اس صورت حال میں دہلی کی ایئر کوالٹی انڈیکس پہنچ چکا ہے۔دیوالی کے بعد سے مسلسل آلودگی کی سطح بڑھنے لگی تھی۔ اسی کے مد نظر دہلی کے اندر روٹین کارروائی کے علاوہ کئی ساری پابندیاں لگائی گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ آج ہوئی تجزیہ میٹنگ میں اہم فیصلے لئے گئے ہیں۔ دہلی کے اندر باہر سے ٹرک کا داخلہ ابھی تک بے حد ضروری سروسز کو چھوڑ کر بند تھا ۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیاہے کہ 27نومبر سے ٹرک جو سی این جی اور الیکٹرک سے چلتا ہو، کو اب داخلہ دیا جائے گا ،باقی ٹرک کے داخلے پر 3دسمبر تک پابندی رہے گی ۔ اس کے علاوہ ضروری سروسز کی گاڑیوں کو داخلہ ملے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سرکار نے سی این جی کی نجی بسیں ہائر کی ہیں ۔ان بسوں کو جو اہم کالونیاں ہیں، جہاں سے دہلی سرکار کے ملازم آتے ہیں، وہاں پر لگائی جائیں گی ۔انہیں نیمڑی کالونی ،گلابی باغ ،تیمار پور جیسی کالونیوں میں لگایا جائے گا، جہاں پر سرکاری ملازم رہتے ہیں، وہاں سے خصوصی بسیں 29نومبر پیر سے شروع کی جائیں گی، تاکہ وہ آسکیں ۔دوسرا سرکاری ملازم میٹرو کا استعمال کریں۔ دہلی سکریٹریٹ سے آئی ٹی اواور اندر پرستھ میٹرو پر شٹل بس سروس سہولت شروع کی جائے گی، تاکہ شٹل بس سروس سے سکریٹریٹ آسکیں،جس سے کہ آفس کھلیں تو پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال زیادہ کریں ۔نجی گاڑیاں کم سے کم استعمال کریں ۔
گوپال رائے نے کہا کہ ابھی تعمیری کام اورانہدامی کارروائی پرسرکار نے پابندی ہٹائی تھی ۔سبھی لوگوں کو حکم دیا گیا تھا کہ کسی بھی طرح سے 14گائڈ لائنس کی خلاف ورزی نہ کریں۔پوری دہلی کے اندر کنسٹرکشن-ڈیمولیشن میں اگر کسی بھی طرح کی خلاف ورزی پائی جاتی ہے تو فوری اختیارسے کام بند کیا جائے گا اور جرمانہ بھی لگایا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ابھی تک 1221مقامات کا معائنہ کیا گیا، جس میں 105جگہوں پرتعمیری کام بند کردا گیا ۔سرکار کے ذریعہ ہر دن کلوز مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور کڑی کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS