دہلی این سی آر جل-تھل، محکمہ موسمیات نے کی 6 ستمبر تک آندھی طوفان کی پیش گوئی

0
Image: DNA India

نئی دہلی:(یو این آئی) دہلی-قومی راجدھانی علاقہ (این سی آر) میں بدھ کو موسلا دھار بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے دہلی کے باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی دارالحکومت اور اس سے ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی کے کئی حصوں اورآس پاس کے شہروں جیسے نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد اور گروگرام میں کئی مقامات پر درمیانے سے تیز بارش ہوئی۔ اس سے قبل دہلی-این سی آر میں منگل کو بھی کافی بارش ہوئی تھی۔ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے قومی دارالحکومت میں دن بھر بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔
محکمہ موسمیات نے دہلی این سی آر میں 30 اگست تک 144.7 ملی میٹربارش درج ہونے کے بعد قومی دارالحکومت علاقہ میں یکم سے چار سمتبر کے درمیان اورچھ ستمبر کو آندھی طوفان کی پیش گوئی کی تھی۔محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق اگست کے مہینے میں بارش عام اوسط 209.4 ملی میٹرسے تقریبا 31 فیصد کم تھی۔ دہلی کے لودی روڈ، آئی جی آئی ایئرپورٹ اور آس پاس ے دیگرعلاقوں میں آج موسلادھار بارش متوقع تھی۔ اس کے علاوہ این سی آر کے علاقے میں گروگرام، مانیسر، فرید آباد، بلبھ گڑھ، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، اندرا پورم، لونی دیہات، ہنڈن ایئر فورس، غازی آباد میں بھی درمیانے سے تیز بارش ہوئی۔ دہلی میں منگل کی صبح سے موسلادھار بارش ہورہی ہے، جس کی وجہ سے شہر بھر میں شدید پانی جمع ہے اور ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔ دارالحکومت میں آج دفتر جانے والے اور دکاندار و دیگر شدید بارش کی وجہ سے گھروں میں رہنے پر مجبور ہوئے۔ دہلی ٹریفک پولیس نے بتایا کہ لاجپت نگر میٹرو اسٹیشن، لالہ لاجپت رائے مارگ، مول چند بس اسٹینڈ، ایمس فلائی اوورکے پاس اربندومارگ، ، جنگ پورہ میٹرو کے قریب پانی جمع ہوا۔
ٹریفک پولیس نے ٹویٹ کیا، “ایمس سے مولچند تک، مولچند کے پاس رنگ روڈ ریڈ لائٹ ذخیرہ انڈر پاس پانی جمع ہونے کی وجہ سے بند ہے۔ براہ کرم ان جگہوں سے گزرنے والے آنند پروت/روشنار روڈ کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ آزادمارکیٹ سب وے پر پرتاپ نگر کی طرف پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوا ہے، اس سمت جانے والے لوگوں کو جانے سے گریز کرنا چاہیے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح 8.30 بجے تک صفدرجنگ کے علاقے میں 28.0 ملی میٹر اور پالم میں 27.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ آج صبح 8.30 بجے تک 100 فیصد نسبتا نمی ریکارڈ کی گئی۔ ہوائیں تقریبا 14.7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب کی طرف چلیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS