رواں مالی سال میں شرح نمو 9.7 فیصد رہنے کی توقع

0
Image: Housing

نئی دہلی،(یو این آئی): سرکاری اخراجات،برآمدات اور صنعتوں کی سرمایہ کاری کی بنیاد پر رواں مالی سال میں اقتصادی ترقی کی شرح 9.7 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔رواں مالی سال کے اپریل تا جون میں اس کے 20.1 فیصد کی شرح سے بڑھنے کے بعد تجزیہ کار یہ تخمینہ لگا رہے ہیں۔ سرکاری بینک آف بڑودہ نے اپنی معاشی تحقیقی رپورٹ میں یہ تخمینہ لگاتے ہوئے کہا کہ سرکاری اخراجات،برآمدات اور صنعتی سرمایہ کاری کی بنیاد پر اس مالی سال میں شرح نمو 9.7 فیصد رہ سکتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زراعت کے شعبے کورونا سے زیادہ متاثر نہیں ہوا ہے اور اس شعبے کی پیداوار اس سے پہلے کی سطح پر پہنچ رہی ہے ۔ تاہم اس نے کہا ہے کہ مانسون کے معمول سے کم رہنے کی وجہ سے اس پر اثر پڑ سکتا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق مینوفیکچرنگ اور تعمیراتی شعبوں کی کارکردگی مثبت رہنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے اور سرکاری اخراجات میں اضافہ تو ہوگا ہی۔رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ویکسینیشن میں تیزی،سرکاری ٹیکس وصولی ، برآمدات اورمنتخب شعبوں میں نجی سرمایہ کاری میں اضافہ ترقی کو رفتاردینے میں کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) 20.1 فیصد کی شرح سے بڑھی ہے جبکہ پچھلے مالی سال اسی دوران یہ منفی 24.4 فیصد رہی تھی ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS