ترکی میں شدید زلزلہ: ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 26 اور زخمیوں کی تعداد 800 سے متجاوز

    0

    انقرہ : ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں کل بروز جمعہ آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں  ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 26 اور زخمیوں کی تعداد  800 سے متجاوز بتائی جاتی ہے۔
     7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔قدرتی آفات سے نمٹنے والی ترک ایجنسی کے مطابق ازمیر میںزلزلے سے تقریباً 20عمارتیں گری ہیں اور 800 سےزائد افراد زخمی ہیں۔ 
    ترکی کے صدارتی دفتر کے مطابق اردگان نے زلزلہ کے بارے میں یونان کے وزیراعظم ،کریاکوس میتسوتکیس سے فون پر گفتگو کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

    شہر کاری کے ترک وزیر کے حوالے سے میڈیا نے خبر دی  ہے کہ زلزلے سے گرنیوالی 8 عمارتوں میں بچاو کاری کا عمل  مکمل کرلیا گیا ہے۔
    ترک وزیرصحت نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ زلزلے میں زخمی ہونے والے 364 افراد طبی امداد کے بعد اسپتال سے رخصت کر دیئےگئے ہیں۔
    ہنگامی حالات سے نمٹنے والے محکمے کے صدر دفتر کی طرف سے ویب سائٹ پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق ازمیر کے علاقے سفری حصار سے 17 کلومیٹر دور بحیرہ ایجیئن میں ترکی کے مقامی وقت کے مطابق دو بجکر 51 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ زیر زمین 16.54 کلومیٹر کی گہرائی میں آیاتھا۔
    ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.6 بتائی جارہی ہے۔ امریکی محکمہ ارضیاتی سروے(یو ایس جی ایس)کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.0 ریکارڈ کی گئی۔ ترکی اور یونان اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
    زلزلے کا مرکز بحر ایجیئر میں بتایا جارہا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ زلزلہ کی وجہ سے سونامی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS