درگاہ خواجہ نظام الدین عام زائرین کیلئے پھر بند

1
image:thestatesman

محمدغفرا ن آفریدی
نئی دہلی (ایس این بی) :ہندوستان کے روحانی تاجدار خواجہ سید محمد نظام الدین اولیاؒ کی درگاہ شریف کورونا انفیکشن کے بڑھتے قہر کے پیش نظر ایک بار پھر عام زائرین کیلئے بند کی گئی ہے، بتادیں کہ یہ فیصلہ درگاہ کمیٹی کی جانب سے لیا گیا ہے۔ دراصل حضرت نظام الدینؒ کے آستانہ کودرگاہ کمیٹی کی جانب سے کووڈ. 19کے خطرات کو دیکھتے ہوئے عام لوگوں کیلئے بند کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ لہٰذا درگاہ کمیٹی نے احتیاطاً 30 ستمبرسے آئندہ حکم تک کیلئے درگاہ شریف کومکمل طور پر بند کر دیا ہے۔اس سلسلے میں بات کرتے ہو ئے انجمن پیرزادگان نظامیہ خسروی درگاہ کمیٹی (رجسٹرڈ) کے سیکریٹری جنرل الحاج سید محمد کاشف علی نظامی نے بتایا کہ درگاہ کمیٹی نے حال ہی میں ایک میٹنگ کی تھی، جس میں اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ درگاہ میں زائرین کی تعدادروزبروز بڑھتی جا رہی تھی ،جسے روکنا مشکل ہورہا تھا۔ حالانکہ 5 اکتوبر کوخواجہ محبوب الٰہی ؒ کا یوم پیدائش بھی ہے، ایسے میںامکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ درگاہ شریف میں زبردست بھیڑ جمع ہو سکتی ہے، جس سے کورونا انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جائے گا، اسی خدشہ کو دیکھتے ہوئے درگاہ کو بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ کاشف علی نظامی نے مزید بتایا کہ جمعہ اور اتوار تک بہت زیادہ بھیڑ ہو جائے گی، اس اندیشہ کو دیکھتے ہوئے درگاہ کمیٹی نے فیصلہ لیا کہ اگلے حکم تک درگاہ کو بند کر دیا جائے، البتہ یوم پیدائش کے موقع پردرگاہ شریف کے احاطہ میںقوالی ہوتی ہے جو پوری رات چلتی ہے، ایسے میں لوگ جمع ہوں گے، جس سے کورونا ضابطوں کو نافذ کرنا مشکل ہوگا، اس لئے اب رسمیں درگاہ سے جڑے لوگ ہی پورا کریں گے اور عام لوگوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دھیان رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہے، بلکہ اس سے قبل لاک ڈائون میں بھی درگاہ سے وابستہ افراد نے ہی جشن یوم ولادت کی تقریب کورونا ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سادگی سے منعقد کی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS

1 COMMENT

Comments are closed.