کہیں اسکول وکالج بند تو کہیں نائٹ کرفیو اور لاک ڈاؤنvجاری ہوئی کورونا کی نئی گائیڈ لائن
نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کووڈ- 19 کاقہر ایک بار پھر بڑھ رہاہے جس سے یومیہ کیسز میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے۔ متعدد ریاستوں میں حالات بگڑ رہے ہیں، جس کی وجہ سے کہیں اسکول اور کالجوں کو بند کرنا پڑا تو کہیں نائٹ کرفیو اور لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ یہ صورتحال اس وقت ہے جب پورے ملک میں کورونا کی ٹیکہ کاری مہم چل رہی ہے۔ جن ریاستوں میں کووڈ-19 کے معاملے بڑھ رہے ہیں، وہاں نئی گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے۔ ہفتہ کی صبح وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 40,953 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے یہ تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 15 لاکھ 55 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23,653 مریضوں کے صحت مند ہونے سے شفایاب مریضوں کی مجموعی تعداد 1,11,07,332 ہوچکی ہے ۔ ایکٹیوکیسز 17112 سے بڑھ کر2,88,394 ہو گئے ہیں۔ اسی عرصے میں مزید 188 مریضوں کی موت کے ساتھ ہی اس جان لیوا وبا سے مرنے والے لوگوں کی تعداد 1,59,558 ہوچکی ہے ۔ملک میں کوروناوائرس سے شفایابی کی شرح 96.12 فیصد ، ایکٹیو کیسز کی شرح 2.49 فیصد جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.38 فیصد ہے ۔
مہاراشٹر:مہاراشٹرمیں سب سے زیادہ کورونا کے کیس سامنے آ رہے ہیں۔ ریاست کے بہت سے اضلاع میں کورونا کی دوسری لہر دیکھی جارہی ہے۔یہاں ، حکومت نے نجی دفاتر ، ڈرامہ تھیٹروں اور آڈیٹوریموں میںایک حد سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے۔ نئی ہدایات 31 مارچ تک لاگو رہیں گی۔ریاست میں صحت اور ضروری خدمات کے علاوہ نجی دفاتر کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہے۔ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ آڈیٹوریم کھولے جائیں گے ، ماسک کے بغیر داخلہ نہیں ہوگا ، اس کے علاوہ درجہ حرارت کی جانچ ، سینیٹائزر جیسی ضروری اشیا کو بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ سنیما ہال ، ہوٹلوں ، ریستوراں ، مال وغیرہ میں 50فیصد گنجائش رکھنے کو کہا گیا۔اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے ساتھ بند کردیئے گئے تھے۔ آہستہ آہستہ کچھ ریاستوں میں اسکول کھولے جارہے تھے ، لیکن کورونا کے پھوٹ پڑنے کے بعد اب کچھ ریاستوں میں ایک بار پھر اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔
پنجاب:پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ صرف میڈیکل اور نرسنگ کالج کھلے رہیں گے۔ ریاست کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع لدھیانہ ، جالندھر ، پٹیالہ ، موہالی ، امرتسر ، ہوشیار پور ، کپورتھلہ ، ایس بی ایس نگر ، فتح گڑھ صاحب ، روپر اور موگا ہیں،جہاں نائٹ کرفیو لگایا گیا ہے۔ 11 اضلاع میںسماجی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یہاں صرف شادیوں اور جنازوں کی اجازت ہے جس میں صرف 20 افراد شامل ہوسکتے ہیں۔سینما ہالوں میں صرف 50 فیصد سیٹیں بک کرنے کی اجازت ہے ، مالوں کے اندر 100 سے زائد افراد کے آنے پر روک لگادی گئی ہے۔
اوڈیشہ:اوڈیشہ حکومت نے کورونا کے خطرے کی وجہ سے عوامی مقامات پر ہولی کھیلنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ لوگ گھروں میں ہولی کھیل سکتے ہیں ، لیکن عوامی مقامات پر نہیں۔ حکومت نے میونسپل کارپوریشن سے کہا ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق پابندیوں میں نرمی کرے۔
پڈوچیری:اس مرکز کے زیرانتظام ریاست میں کلاس 1 سے 8 تک کے تمام اسکول 22 مارچ سے31 مئی کے درمیان بند رہیں گے۔
گجرات:گجرات حکومت نے اس ہفتے احمد آباد ، راجکوٹ ، وڈوڈرا ، سورت ، بھائونگر ، گاندھی نگر ، جام نگر اور جوناگڑھ کے تمام اسکولوں کو صرف 10 اپریل تک آن لائن کلاسوں میں سوئچ کرنے کو کہا ہے۔ شہروں میں ٹیوشن کی کلاسیں بھی 10 اپریل تک بند کردی گئیں۔اس کے علاوہ احمد آباد اور سورت میں نائٹ کرفیو سخت کردیا گیا ہے۔ دونوں شہروں میں اب رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو رہے گا۔ ہفتہ اور اتوار کو مال بند رکھنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔
مدھیہ پردیش:ریاست کے 3شہروں بھوپال ، اندوراورجبلپور میںہفتہ کو رات 10بجے سے پیر کو صبح 6بجے تک32گھنٹے کا مکمل لاک ڈائون رہے گا اورلوگ گھروں سے نہیں نکل سکیں گے ۔تینوں شہروں میں اسکول وکالج 31 مارچ تک بند کردیئے گئے ہیں ۔لیکن امتحانات متاثر نہیں ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS