کانگریس 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو پوری طاقت سے جواب دے گی :سلمان خورشید

0

سہارنپور (شاہد زبیری/ ایس این بی) : سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے کہاکہ یوپی کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی تنہا قسمت آزمائے گی اور کسی دیگر پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ کانگریس کے انتخابی منشور سے متعلق انہوں نے کہاکہ اس بار الیکشن نوٹیفکیشن سے قبل ہی پارٹی کا انتخابی منشور جاری کردیا جائے گا۔ سلمان خورشید نے کہا کہ کانگریس 2024کے انتخابات کو ہدف بنا کر میدان میں ہے اور بی جے پی کو 2024کے پارلیمانی انتخابات میں پوری طاقت سے جواب دینے کی تیاری کررہی ہے ۔ وہ ’پرتگیہ یاترا‘ کے دوسرے دن آج یہاں سرکٹ ہائوس میں پریس کانفرنس میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے ۔ سماجوادی پارٹی کے قائد اکھلیش یادو کے اس اعتراض پر کہ کانگریس کی وجہ سے یو پی میں بی جے پی اقتدار میں واپس آسکتی ہے ۔ سلمان خورشید نے اکھلیش سنگھ یادو سے پوچھا کہ آپ ہاتھ پائوں ماریں تو ٹھیک اور کانگریس اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہو ئے جدو جہد کرے تو بی جے پی کے اقتدار میں لانے کا الزام کانگریس ہی پر کیوں ۔سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کی بات چیت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس پر کانگریس سے کوئی بات کریں تو پھر سوچا جائے گا۔ انہوں نے طیارہ میں اکھلیش سنگھ اور پرینکا گاندھی کی بات چیت کو رسمی بات چیت قرار دیا ۔روزنامہ راشٹریہ سہارا کے اس سوال پر کہ کانگریس پر سافٹ ہندوتوا کا الزام ہے اور کانگریس سنگھ پریوار کے ٹریپ میں پھنس رہی ہے۔
انہوں نے واضح جواب دینے کی بجا ئے ہندوتوا پر سپریم کورٹ کے تبصرہ کا حوالہ دیا اور ہندوتوا اور ہندو مذہب دونوں کو ایک پلڑے میں رکھا ۔لکھیم پورہ سانحہ پر وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار کے استعفیٰ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کانگریس اس سوال کو اٹھا رہی ہے، لیکن مرکزی سرکار گونگی بہری بنی ہو ئی ہے ۔انہوں کووڈ19-کے معاملہ کو وبائی ایکٹ کے تحت رکھے جا نے سے معیشت کے نقصان کے سوال پرکہا کہ اس حوالہ سے اس ایکٹ میں کچھ تر میمات ضروری ہے تاکہ جان بھی بچی رہے اور روزی روٹی بھی ۔انہوں نے بتا یا کہ یوپی کے 3 مختلف مقامات سے 3پرتگیہ یاترائیں کانگریس نے شروع کی ہیں اور ہر یاترا یوپی کا 12ہزار کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔یو پی انتخاب میں خواتین کو40فیصد ٹکٹ ، طا لبات کو اسمارٹ فون اور الیکٹرانک اسکوٹی کے انتخابی وعدوں پر انہوں نے کہاکہ یہ الیکشن اسٹینٹ نہیں، جو وعدے کانگریس کررہی ہے، کانگریس کی سرکار بننے پر پورا کرنے کی بھی وہ پابند رہے گی۔منتشر اپوزیشن کیسے بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرے گی اس سوال کو سلمان خورشید ٹال گئے ۔پریس کانفرنس میں سابق وزیر ظفر علی نقوی ، کانگریس کے قومی سکریٹری وسابق ممبر اسمبلی عمران مسعود، قومی سکریٹری راجیو دھیرج گوجر، بہٹ حلقہ سے ممبر اسمبلی نریش سینی ، دیہات حلقہ سے ممبر اسمبلی مسعود اختر، سابق ممبر اسمبلی و سینئر لیڈر سریندر کپل ، سابق ضلع صدر چو دھری مہر بان عالم ، صوبائی ترجمان ششی والیہ ، شہر صدر ورون شرما ، سینئر خاتون لیڈر اوما بھوشن،کانگریس سیوا دل کے ضلع صدر عمران قریشی ،میڈیا انچارج گنیش دت شرما و دیگر لیڈران و کارکنان موجودتھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS