جموں وکشمیر میں 3خاندانوں کی دادا گیری اب مزید نہیں چلنے دی جائے گی:امت شاہ

0
image:the indian express

جموں (صریر خالد/ ایس این بی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں شروع ہونے والے ترقی کے دور کو کوئی روک نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں کی ترقی میں خلل ڈالنے والوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ترقی کا دور شروع ہوگیا ہے۔ میں جموں وکشمیر کو آج یہ کہنے آیا ہوں کہ جموں وکشمیر والوں کے ساتھ ناانصافی کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ اب آپ کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کرسکتا۔ جموں وکشمیر کی ترقی ہوگی اور یہ ریاست ملک کو آگے بڑھانے میں اپنا اہم رول ادا کرے گی۔ آپ نے برسوں تک نا انصافی جھیلی ہے ۔ اب دونوں کشمیر اور جموں کی مساوی ترقی ہو گی۔ دونوں خطے مل کر ہندوستان کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں ایک ایسی صورتحال کے حق میں ہیں، جس میں ایک بھی شخص کی جان نہ جائے۔ وزیرداخلہ امت شاہ نے مزید کہا ہے کہ جموںو کشمیر میں ’تین خاندانوں‘کی دادا گیری مزید نہیں چلنے دی جائے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ابھی تک جموں کو ترقیاتی پروگراموں کے حوالے سے نظرانداز کیا جاتا رہا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ وقت اب جاچکا ہے۔امت شاہ نے، جو ہفتہ سے جموںو کشمیر کے سہ روزہ دورے پر ہیں،جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے 3 مخصوص خاندانوں نے سابق ریاست کو 70 سال میں کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے جموںو کشمیر کو 87 ممبرانِ اسمبلی اور 6 ممبرانِ پارلیمنٹ کے علاوہ کیا دیا ہے، جبکہ،بقولِ ان کے، مودی جی نے مختصر مدت میں یہاں 30 ہزار عوامی نمائندگان کھڑے کئے اور ہر گاؤں کو ایک پنچایت دی۔انہوں نے کہاکہ اب ان 3 خاندانوں کی داداگیری نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں کے لوگوں کو ترقی کے حوالے سے اب نظرانداز نہیں ہونے دیا جائے گا،بلکہ جموں کو ’مساوی‘ رتبہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ جموں آئے ہی اسی لئے ہیں، تاکہ یہاں کے لوگوں کو یہ یقین دلاسکیں کہ ان کے ساتھ ناانصافی کئے جانے کا وقت جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ترقی کے دور کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایسا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیںگے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو ترقی کیلئے کام کرتے ہوئے جنگجوؤں کے ’ناپاک ارادوں‘ کو ناکام بنانا چاہیے۔امت شاہ نے نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی اور کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے نئی صنعتی پالیسی متعارف کرائی یہ 3 خاندان، جو جموںو کشمیر کا استحصال کرتے آرہے تھے، مذاق بناکر کہتے تھے کہ یہاں کونسا صنعتکار آئے گا، لیکن وزیر اعظم مودی کی کوششوں سے ابھی تک جموں وکشمیر میں 12,000 کروڑکی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کا نشانہ جموںو کشمیر میں سال 2022 کے آخر تک 51000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرانا ہے۔وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کے خاتمے سے پریم ناتھ ڈوگرہ اور شاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج پریم ناتھ ڈوگرہ کا جنم دن ہے۔ پورے بھارت کے لوگ انہیں کبھی بھول نہیں سکتے ہیں۔ یہ وہ عظیم شخصیت تھیں، جنہوں نے پرجا پریشد قائم کر کے شاما پرساد مکھرجی کے ساتھ ’ایک دیش میں دو نشان، دو ودھان اور دو پردھان نہیں چلیں گے نہیں چلیں گے‘کا نعرہ دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ پریم ناتھ ڈوگرہ اور شاما پرساد مکھرجی کی آتمائیں آج وزیر اعظم نریندر مودی کو لاکھ لاکھ بار شکریہ ادا کر رہی ہوں گی۔ ہم سب کا خواب تھا کہ شاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا ہو۔ مودی جی کی وجہ سے یہ خواب پورا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS