جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ’کیرئیر آپشن کے طور پر فوج‘ کے موضوع پر ترغیباتی ٹاک کا انعقاد

0

نئی دہلی، (یو این آئی)نیشنل کیڈٹ کارپس (این سی سی)،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ساتھ یونیورسٹی پلیسمنٹ سیل (یو پی سی) نے’کیریئر آپشن کے طور پر فوج‘ کے موضوع پر نو فروری دوہزار تیئس کو یوپی سی تربیتی ہال میں ایک ترغیباتی ٹاک منعقد کیا۔
بریگیڈیر کوشک مکھرجی،سینا میڈل،ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ریکروٹنگ ’اے‘(آفیسر سلیکشن) کو ٹاک پیش کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔یو پی سی کی اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر راحیلہ فاروقی کے خیر مقدمی کلمات سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد این سی سی،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی اعزازی کوآرڈی نیٹر پروفیسر تسنیم مینائی نے مہمان اعزازی کو سامعین سے متعارف کرایا۔
ابتدا میں بریگڈیر مکھرجی نے ایک فوجی جوان جن اقدار سے آراستہ ہوتاہے طلبا کو ان سے روشناس کرایا۔انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایاکہ فوج میں بھرتی ہونے کے خواہا ں نوجوان کو جن نمایاں اقدارکی ضرورت ہوتی ہے وہ ہیں قیادت اورٹیم ورک۔انھوں نے بار بار اس بات پر زوردیا کہ کیسے ایک اچھا انسان بنتے ہیں پھر کیسے ایک اچھا سپاہی بنا جاتاہے اور پھر کس طرح ایک آدمی اچھا اہل کار بنتاہے۔اپنی اور اپنے ساتھیوں کی زندگی کے سچے تجربات سے مثالیں پیش کرکے انھوں نے محفل میں جوش اور گرمی پید ا کردی۔
بریگیڈر مکھرجی نے ایس ایس بی پر خصوصی زور کے ساتھ تکنیکی اور غیر تکنیکی گریجویٹ کے انتخاب کی کاروائیوں کا بھی ذکر کیا۔اور کس طرح ایس ایس بی انتخاب کا ایک اہم پیمانہ بن گیاہے جو امیدوار کے من، وچن اور کرم‘ یعنی دل،الفاظ اورکام کی تحسیب کرتاہے اسے بھی بتایا۔
ٹاک کے اخیر میں طلبا نے بریگیڈیر مکھرجی سے بات چیت کی اور مسلح ا فواج جوائن کرنے کی اپنی خواہشات کا اظہار کیا۔تربیتی ہال انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبا سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جو ملک کی معزز ہستی سے ملنے کے اشتیاق میں یہاں جمع ہوئے تھے۔
مزید برآں مذکورہ اجلاس معلوماتی ہونے کے علاوہ تحریک بھی تھا جو طلبا کی زندگیوں میں یقینی طورپر تبدیلی لانے کا باعث بنے گا۔یوپی سی،جامعہ ملیہ اسلامیہ میں سینئر پلیسمنٹ ایکزیکیٹیو محترمہ ندا خان کے اظہار تشکر کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS