دہلی این سی آر سمیت پوراشمالی ہند سرد لہر کی زد میں

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : دہلی این سی آر سمیت پورا شمالی ہند سردلہر کی زد میں ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابھی 2دن اور ایسی لہر چلنے کی امید ہے۔ پہاڑ تو پہاڑ، میدانی علاقوںمیں بھی درجہ حرارت منفی درج کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتراکھنڈ، جموں وکشمیر اور ہماچل پردیش کے کئی علاقوںمیں برف باری کا اثر میدانی علاقوں میں پڑرہا ہے،جس سے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کیا جارہا ہے۔ راجستھان کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت صفر ڈگری سے نیچے چلا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ دنوں تک کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3دن تک سردلہر سے راحت کی امید نہیں ہے۔ دوسری جانب قومی دارالحکومت دہلی میں اتوار کی صبح لوگوں کو یخ بستہ سرد لہروں کا سامنا کرنا پڑا۔ دارالحکومت کا صبح کا کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ


کیا گیا، جو اس موسم کا سب سے کم درجہ حرارت ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہفتہ کے روز دہلی میں موسم کا اب تک کا سب سے سرد دن تھا اور درجہ حرارت میں 6 ڈگری سیلسیس کی کمی آئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق قومی راجدھانی میں اگلے چند دنوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔ محکمہ کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس سے نیچے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں آئندہ دو تین دنوں تک سردی کی لہر جاری رہے گی۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ 21دسمبر تک شمالی راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ کے کچھ حصوں میں سردی کی لہر سے حالات شدید ہو سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گزشتہ تین دنوں سے پنجاب، ہریانہ، شمالی راجستھان سے تقریباً 10-15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغربی سمت سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں آئندہ 3 روز تک سردی کی لہر میں اضافے کا امکان ہے اور اس کے بعد موسم بہتر ہو سکتا ہے ۔دریں اثنا، دہلی میں آج صبح ہوا کے معیار میں معمولی بہتری دیکھی گئی اور 290کے انڈیکس کے ساتھ خراب زمرے میں رہی۔ سسٹم آف ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ(ایس اے ایف اے آر-سفر)کے مطابق پی ایم 2.5 اورپی ایم 10 بالترتیب 117اور 193کیٹیگری میں رہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ(سی پی سی بی)کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے پڑوسی حصوں میں ہوا کے معیار کا انڈیکس خراب زمرہ میں ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں فرید آباد میں244، غازی آبادمیں 231، گرووگرام میں 226اور نوئیڈاسیکٹر62- میں 232رہا۔خیال رہے ہوا کا معیار صفر سے 50 اچھا، 51 سے 100تسلی بخش، 101سے 201تک معتدل، 201 سے 300 خراب، 301 سے 400انتہائی خراب اور 401سے 500 انتہائی ناقص ترین زمرے میں آتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS