آئی جی ایل نے سی این جی کی قیمت میں اضافہ کیا

0

نئی دہلی:(یو این آئی) ملک میں سی این جی کی تقسیم کرنے والی کمپنی اندرا پرستھ گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل) نے جمعرات کو گاڑیوں میں ایندھن کی شکل میں استعمال ہونے والی کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ کمپنی کی طرف سے یہ اضافہ آج سے نافذ کر دیا گیا ہے۔ سی این جی کی قیمت میں اس اضافے کے ساتھ ہی، راجدھانی دہلی میں نئی ​​قیمت 59.01 روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے۔ ایک روپے کے اضافے کے ساتھ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں قیمت 61.58 روپے، مظفر نگر، میرٹھ اور شاملی میں 66.26 روپے، گروگرام میں 67.68 روپے، ریواڑی میں 69.48 روپے، کرنال اور کیتھل میں 67.68 روپے، کانپور، ہمیر پور اور فتح پور میں 70.8 روپے، اجمیر، پالی اورراجسمند میں 69.31 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ آئی جی ایل نے آج ہی گھریلو پائپ نیچرل گیس (پی این جی) کی قیمت میں ایک روپے کے اضافے کے ساتھ نئی قیمت جاری کردی ہے۔
پی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی دہلی میں اس کی قیمت 36.61 روپے فی ایس سی ایم ہو گئی ہے، جب کہ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں اسے 35.86 روپے فی ایس سی ایم کے حساب سے صارفین کو فراہم کیا جائے گا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں جہاں خام تیل کی قیمت مسلسل اتار چڑھاؤ کے درمیان 100 ڈالر سے اوپر جا رہی ہے۔ وہیں ملک میں توانائی کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاجارہا ہے۔ پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی، پی این جی اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔