کشمیر میں سی آر پی ایف اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک عام شہری ہلاک

    0

    کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے ناربل علاقے میں آج صبح سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک عام شہری ہلاک ہو گیا۔ ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے ایس ایس پی بڈگام امود ناگپوری کے حوالے سے بتایا کہ ناربل کاووسہ میں ایک سول گاڑی نے سیکورٹی فورسز کے دو ناکے توڑے جس پر ایک ناکے پر تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کی۔
    مقامی ذرائع کے مطابق بڈگام کے ناربل علاقے کے کاووسہ کے نزدیک سی آر پی ایف اہلکاروں کے ایک ناکہ نے بدھ کی صبح اپنی ذاتی گاڑی میں سوار ایک شہری کو رکنے کا اشارہ کیا جب وہ نہیں رکا تو آگے ایک اور ناکہ نے اس شہری کو رکنے کا اشارہ کرکے پہلے ہوا میں فائرنگ کی اور بعد میں اس کی گاڑی پر گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں ایک گولی اس کے سینے میں لگی۔
    انہوں نے کہا کہ مذکورہ شہری کو نازک حالت میں علاج و معالجہ کے لئے شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔ مہلوک کی شناخت پیر معراج الدین شاہ ولد غلام محمد شاہ ساکن مکہامہ بیروہ بڈگام کے بطور ہوئی ہے۔

    ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس شخص کو اسپتال مردہ حالت میں پہنچایا گیا۔

    سری نگر میں تعینات سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ وادی میں اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے تشویشناک صورتحال بنی ہوئی ہے اور ایسے میں مہلوک شہری کو سیکورٹی فورسز کا ناکہ نہیں توڑنا چاہیے تھا۔
    انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 'آج صبح قریب 10 بجکر 20 منٹ پر رانگ سائیڈ سے چلنے والی ایک ویگنآر گاڑی نے پولیس کا ناکہ توڑا، جب یہ گاڑی سی آر پی ایف کے ناکے کے قریب پہنچی تو اس پر فائرنگ کی گئی۔ جہاں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہاں پر سی آر پی ایف کی 141 بٹالین سے وابستہ اہلکار تعینات تھے'۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS