Image:PTI

مغربی بنگال کی خواتین سے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی اپیل
کولکاتہ، (پی ٹی آئی) : وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بنگال میں لوگوں کو ووٹ دینے سے روکنے کے لیے باہر سے غنڈے لانے کا بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے ان کا مقابلہ کرچھی جیسے رسوئی کے برتنوں سے کرنے کی خواتین سے ہفتہ کو اپیل کی۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ نے مغربی میدنی پور ضلع میں نارائن گڑھ اور پگلا میں 2 انتخابی ریلیوں کو خطاب کرتے ہوئے اپنے حریف شبھیندو ادھیکاری اور ان کے کنبہ کو غدار قرار دیا۔ ممتا نے الزام لگایا کہ اس کنبہ کا ایک رکن ریاست میں 30 اسمبلی سیٹوں پر پولنگ ہونے سے کچھ گھنٹے پہلے جمعہ کی رات لوگوں کو نوٹ تقسیم کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’کل ادھیکاری برادران میں سے ایک کو نوٹ تقسیم کرتے دیکھا گیا تھا …علاقے میں خواتین نے اسے رنگے ہاتھ پکڑ لیا اور پولیس کو اسے گرفتار کرنے کو کہا۔ انہوں نے 30 سے زائد غنڈوں کو بھی (پولیس کے) حوالے کیا جنہیں بی جے پی نے باہر سے منگایا تھا۔‘
ممتا نے کہا کہ پہلے مرحلہ کی پولنگ (27 مارچ) کے بعد بھگوا پارٹی کی قسمت سیل ہو جائے گی۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہا کہ ’بی جے پی بنگال کے باہر سے ان مقامات پر غنڈے لا رہی ہے جہاں اس کی کچھ گرفت ہے۔ میں ریاست کی خواتین سے کرچھی لے کر باہر آنے اور ان کا مقابلہ کرنے کی اپیل کروں گی۔‘ انہوں نے الیکشن کمیشن سے بھی یہ یقینی بنانے کی اپیل کی کہ پولنگ غیر جانبدارانہ طریقے سے ہو۔ وزیراعلیٰ نے مرکزی وزیر داخلہ (امت شاہ) پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’دہلی کے امت شاہ بنگال میں پولنگ کرانا چاہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن سے میں اپیل کرتی ہوں کہ اسے یہ یقینی بنانا چاہیے کہ الیکشن آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور بلا تفریق ہو۔‘ ممتا نے یہ بھی کہا کہ وہ مشرقی میدنی پور کے نندی گرام اسمبلی حلقہ میں میر جعفروں (غداروں) پر بھی نظر رکھی ہوئی ہیں جہاں یکم اپریل کو الیکشن ہونا ہے۔
واضح رہے کہ ادھیکاری کنبہ کے 3 ارکان نے گزشتہ کچھ مہینوں میں ترنمول کانگریس چھوڑ دیا اور بی جے پی کا دامن تھام لیا۔ اس کنبہ کی مشرقی میدنی پور میں اچھی خاصی گرفت مانی جاتی ہے۔ ممتا کا نندی گرام میں مقابلہ شبھیندو ادھیکاری سے ہے جو پہلے ترنمول کانگریس کی سربراہ کے قریبی لیڈر رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS