مرکزی حکومت کو جانچ کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار

0
www.dnaindia.com

اپوزیشن کی آئندہ بجٹ سیشن میں معاملہ کو اٹھانے کی تیاری
نئی دہلی، (پی ٹی آئی)پیگاسس سافٹ ویئر سے وابستہ معا ملے کی نگرانی سپریم کورٹ کے تحت ایک کمیٹی کر رہی ہے اور جس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ ایک سرکاری ذریعہ نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔ ذریعہ نے کہا کہ عدالت کے سبکدوش جج آر وی رویندرن کی نگرانی میں تشکیل شدہ جانچ کمیٹی نے 2 جنوری کو اخباروں میں ایک اشتہار بھی دیا تھا جس میں ان لوگوں سے فون جمع کرنے کی اپیل کی گئی تھی جن کا دعویٰ ہے کہ ان کے آلات پیگاسس سے متاثر تھے۔ ذرائع نے کہا کہ ’معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے ہے۔ عدالت نے سبکدوش جج رویندرن کی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل کی ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے۔‘ ادھر ’نیویارک ٹائمس‘ کی خبر کے بعد اپوزیشن پارٹی کانگریس نے سرکار پر چوطرفہ حملہ کیا۔ کانگریس نے سرکار پر پالیمنٹ اور سپریم کورٹ کو دھوکہ دینے، جمہوریت کو یرغمال بنانے اور ملک سے غداری میں شامل ہونے کا الزام لگایا۔ کانگریس آئندہ بجٹ سیشن کے دوران اس موضوع کو اٹھائے گی اور پارلیمنٹ کے اندر وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی سرکار کی جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کرے گی۔ اہم اپوزیشن پارٹی نے سپریم کورٹ سے اس معاملے پر از خود نوٹس لینے اور سرکار کے خلاف جان بوجھ کر اور ارادتاً اسے ’دھوکہ دینے‘ کی کوشش کے لیے مناسب کارروائی شروع کرنے کی بھی اپیل کی۔ پیگاسس معاملہ کے 2022 کے بجٹ سیشن میں پھر چھائے رہنے کا اندیشہ ہے کیونکہ اپوزیشن کے ذریعہ مشترکہ طور پر اس موضوع پر کارروائی کو روکنے کے بعد 2021 کا پورا مانسون سیشن ضائع ہو گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS