مودی کی نفرت کی سیاست کے سبب دنیا بھرمیں ہندوستان کو شرمندگی: سنجے سنگھ

0

نئی دہلی: (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی نفرت کی سیاست کی وجہ سے ہندوستان کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کردیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقدامات اور نفرت کی سیاست سے بھارت کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ آزادی کے 75 سالوں میں آج تک کسی وزیر اعظم نے ہندوستان کو اس قدر ذلیل نہیں کیا اور نہ ہی ہندوستان کا سر دنیا کے سامنے اس طرح جھکایا جس طرح نریندر مودی نے کیا ہے۔ نریندر مودی کی نفرت کی سیاست کی وجہ سے آج پوری دنیا میں حکومت ہند کے سفیروں کو بلایا جا رہا ہے۔ ان کی تذلیل کی جا رہی ہے اور معافی مانگنے کو کہا جا رہا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے ترجمان غلطیاں کرتے ہیں کیونکہ انہوں نےنریندر مودی سے نفرت کرنے کی تربیت حاصل کی اور ہندستان کو معافی مانگنی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای ڈی نے صبح ستیندر جین کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ ستیندر جین سے پانچ دن تک پوچھ گچھ کی گئی لیکن کچھ نہیں ملا۔ جب ہائی کورٹ نے ای ڈی سے پوچھا تو اس نے کہا کہ ستیندر جین کے خلاف کوئی ایف آئی آر اور کوئی شکایت نہیں ہے۔ جب ستیندر جین کے خلاف کوئی ایف آئی آر اور شکایت نہیں ہے تو انہیں گرفتار کرکے کیوں رکھا گیا ہے؟ اسی لیے انہیں گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ ستیندر جین ایک ایماندار شخص ہیں اور دہلی کے اندر عوام کو صحت کی بہتر خدمات فراہم کرکے ہندوستان کا نام پوری دنیا میں روشن کر رہے ہیں۔ دہلی کے ہیلتھ ماڈل کے دنیا بھر میں چرچے ہورہے ہیں اور اس کے پیچھے ستیندر جین کا بہت بڑا تعاون ہے۔ انہیں آج گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS