Image:zeenews.india

کھلاڑیوں کو ایک بایو ببل سے دوسرے بایو ببل میں جانے کی اجازت دے دی گئی
نئی دہلی : انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2021 سے قبل ایک بڑا فیصلہ لیا ہے جس میں آئندہ آئی پی ایل سیشن کیلئے بایو ببل پروٹوکول اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) جاری کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ایک بایو ببل سے دوسرے بایو ببل میں جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ کھلاڑی اپنی قومی ٹیم کو بایو ببل سے سیدھے فرنچائزی کے بایو ببل میں آسکتے ہیں۔بی سی سی آئی نے خصوصی طور پر ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیم کو بڑی راحت دی ہے ۔ اس وقت دونوں ٹیمیں سیریز کھیل رہی ہیں اور ایسے میں بی سی سی آئی نے ہندوستان اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو بغیر کوارنٹائن سے گزرے آئی پی ایل فرنچائزی کے بابوببل میں داخلے کی اجازت دی ہے جبکہ دیگر حالات میں چاہے کھلاڑی ہوں، فرنچائزی مالک، منیجمنٹ کے ارکان، کمنٹیٹر یا میچ افسران سبھی کو سات دن کے لازمی کوارنٹائن میں رہنا ہوگا۔
بی سی سی آئی نے اپنے ایک نوٹ میں لکھا ہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے لئے جوبایو ببل بنایا گیا ہے اس سے آنے والے کھلاڑی کوارنٹائن سے گزرے بغیر فرنچائزی کے ساتھ جڑ سکتے ہیں، اگرچہ اس کے لئے انہیں ٹیم ہوٹل میں سیدھے ٹیم بس یا چارٹر فلائٹ سے آنا ہوگا۔ نوٹ کے مطابق اگر چارٹر فلائٹ کا استعمال کیا جاتا ہے تو کرو کے ارکان کو سبھی پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا۔ اگر نقل و حمل سے متعلق انتظامات بی سی سی آئی کے چیف ہیلتھ افسر کے مطابق ہوتے ہیں تو کھلاڑی سیدھی فرنچائیزی کے بایو ببل میں شامل ہوسکتے ہیں اور انہیں کوارنٹائن یا کورونا ٹسٹ (آر ٹی پی سی آر) کی ضرورت نہیں ہوگی اگرچہ فرنچائزی کے افسران نے کہا ہے کہ ببل ٹو ببل ضابطے تبھی نافذ ہوں گے جب وہ چارٹر فلائٹ سے آئیں گے ۔ بی سی سی آئی کے اس فیصلے سے ان ٹیموں کو راحت ملی ہے جو بیرونی ممالک بایو ببل سے کھلاڑیوں کے آنے کا انتظار کررہی ہیں۔ ان میں سے ایک جنوبی افریقہ اور پاکستان کی سیریز ہے ۔ بی سی سی آئی کی جانب سے کل 12 بایو ببل بنائے جائیں گے ، جن میں سے آٹھ فرنچائزی اور سپورٹ اسٹاف کے لئے ہوں گے ، دو میچ افسران اور میچ منیجمنٹ ٹیم، جبکہ دو براڈ کاسٹ کمنٹیٹر اور کرو کے لئے ہوں گے ۔
بی سی سی آئی نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ اس کے افسران اور آپڑیٹنگ ٹیمیں کسی بایو ببل کا حصہ نہیں ہوں گی۔ اس کے سبب بی سی سی آئی کے افسران کسی بھی کھلاڑی، ٹیم کے سپورٹ، میچ منیجمنٹ ٹیموں اور براڈ کاسٹر کرو کے ساتھ انفرادی طور پر بات چیت نہیں کرسکیں گے ۔ جو ٹیم مالک ببل کا حصہ بننا چاہتے ہیں انہیں ٹیم ہوٹل میں سات دن تک کوارنٹائن میں رہنا ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS