بحرین پیرا بیڈمنٹن میں ہندوستان کی شاندار کارکردگی، 11سلور یقینی بنائے

0

منامہ (یو این آئی) : برازیل میں 28 تمغے جیتنے کے بعد اب ہندوستانی پیرا بیڈمنٹن ٹیم بحرین کے پہلے پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل 2022 میں متعدد تمغے جیتنے کے راستے پر ہے ۔ پیرالمپک چمپئن پرمود بھگت (ایم ایس ایس ایل3) اور ایشین پیرا گیمز 2018 کے چمپئن ترون ڈھلون (ایم ایس ایس ایچ4) کی قیادت میں پیرا بیڈمنٹن ٹیم نے اپنے اپنے ایونٹس کے فائنل میں پہنچ کر کم از کم 11 چاندی کے تمغے یقینی بنالئے ہیں۔ برازیل پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل 2022 میں دو کانسے کے تمغوں پراکتفا کرنے والے بھگت نے اپنے ہم وطن اورپیرالمپک کے برونز میڈلسٹ منوج سرکار کے خلاف مردوں کے سنگلز ایس ایل 3 سیمی فائنل میں 21-16، 21-14 سے جیت درج کی۔ بھگت کا فائنل میں انگلینڈ کے ڈینیل بیتھ سے مقابلہ ہوگا۔ اس کے بعد بھگت نے رامداس کے ساتھ مل کر مکسڈ ڈبلزایس ایل3-ایس یو5 سیمی فائنل میں جاپان کے ڈائسُکے فجیہارا اوراکیکو سگنو کو21-13, 21-15 سے شکست دی۔ دریں اثنا، ڈھلون نے اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھتے ہوئے تھائی لینڈ کے سریپونگ ٹیماروم کو21-14، 21-15 سے سیمی فائنل میں ہرایا۔ اب ان کا مقابلہ مردوں کے سنگلز ایس ایل 4 فائنل میں کوریا کے شن کیونگ ہوان سے ہوگا۔ فرانس کے چوٹی کے کھلاڑی لوکاس مازور کی غیر موجودگی میں ڈھلون کی نظریں گولڈ میڈل پر ہوں گی۔ ساتھ ہی ڈھلون نے مردوں کے ڈبلزایس ایل3-ایس ایچ4 کے سیمی فائنل میں کوریا کے ہوان اور جو ڈونگجے کو 21-18، 21-18 کے سیدھے گیموں میں بھی ہرایا۔
خواتین کے مقابلے میں منیشا رامداس (ایس یو5) اور مندیپ کور (ایس ایل3) نے اپنی عمدہ کارکردگی جاری رکھتے ہوئے خواتین کے ڈبلز ایس ایل3-ایس یو5 ایونٹ سمیت دو فائنل مقابلوں میں جگہ بنائی۔ کور نے دھماکے دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کے سنگلزایس ایل3 فائنل میں بھی قدم رکھا، جب کہ رامداس نے بھگت کے ساتھ مکسڈ ڈبلزایس ایل3-ایس یو5 کے فائنل میں جگہ یقینی بنائی۔ برازیل پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل میں طلائی تمغہ جیتنے والی کور اور رامداس کی سکینڈ سیڈ جوڑی فائنل مقابلے میں پلک کوہلی اورپارول پرمار کا سامنا کرے گی۔ قابل ذکرکہ پرمار کو خواتین کے سنگلز ایس ایل 3 سیمی فائنل میں ترکی کی حلیمے یلدز کے ہاتھوں 21-5، 21-18 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری طرف، کور نے خواتین کے سنگلز سیمی فائنل ایس ایل 3 میں مانسی جوشی کو 21-18، 21-14 سے شکست دی تھی اور اب وہ فائنل میں یلدز کاسامناکریں گی۔ اس کے علاوہ نتیا شرے سمتی سیوان نے خواتین کے سنگلز ایس ایچ 6 سیمی فائنل میں تھائی لینڈ کی چائی سیانگ کو 21-13، 21-18 سے شکست دی۔ چراغ بریتھیا اور راج کمار نے بھی مردوں کے ڈبلز ایس یو5 کے فائنل میں جگہ بنائی، جب کہ دھناگرن پانڈورنگن اور شیوراجن سولئیمالائی نے ڈبلزایس ایچ6 میں اپنی جگہ یقینی بنائی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS