آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 419رنوں سے دی شکست

ٹیسٹ سیریز 2-0سے اپنے نام کی،ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں آسٹریلیاکی پوزیشن مضبوط

0

ایڈیلیڈ(یو این آئی)
آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ (175) اور مارنس لابوشین (163) کی شاندار سنچریوں کے بعد مچل اسٹارک (پانچ وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت اتوار کو دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 419رنوں سے روند کر دو میچوں کی سیریز 2-0سے جیت لی۔آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 497رنوں کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں چوتھے روز ویسٹ انڈیز 77رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ویسٹ انڈیز کی ڈرا کی امیدیں بھی تیسرے دن ہی ختم ہوگئیں جب انہوں نے 21 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔
ڈیون تھامس (12) اور جیسن ہولڈر (13) نے پانچویں وکٹ کے لیے 21رنز جوڑتے ہوئے 16.3اوورز پچ پر گزارے ، لیکن اسٹارک نے چوتھے دن کے آغاز میں ہی دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کر دیا۔مائیکل نیسر (22/3)نے جوشوا ڈی سلوا (15)، روسٹن چیس (13) اور مارکینی مینڈلے کو وکٹ کیپر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ نیتھن لیون نے الزاری جوزف کا وکٹ حاصل کیا اور ویسٹ انڈیز 77رنز پر سمٹ گئی۔اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 511رن بناکرونڈیز کو 214 رنز پر آل آؤٹ کردیا اور 297رنز کی بڑی برتری حاصل کی۔ کنگاروں نے فالو آن کے بجائے دوبارہ بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور 199/7 کے اسکور پر اننگ ڈکلیئر کر کے ونڈیز کو 497رنز کا ہدف دیا۔ اسٹریلیا نے اس جیت کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) ٹیبل میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے ۔ پہلے سے ہی سرفہرست آسٹریلیا نے 75 فیصد پوائنٹس حاصل کرلئے ، جبکہ دوسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ کے صرف 60 پوائنٹس ہیں۔آسٹریلیا 17 دسمبر سے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرے گا۔ پیٹ کمنز کی ٹیم اس سیریز کے بعد فروری مارچ میں چار ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے ہندوستان روانہ ہوگی۔