شاہی امام مفتی مکرم کی ہر طبقہ کے عوام سے امن کی اپیل

0

شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں تفصیل کے ساتھ سیرت نبوی پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیغمبر اسلام  محسن انسانیت ہیں اور ان کی تعلیمات بنی نوع انسانی کے لئے ہر دور
میں مشعل راہ ہیں ۔پیغمبر اسلام نے انصاف کا پرچم بلند کیا اور ہمیشہ حق کا ساتھ دیا ۔ان کے دربار میں امیر وغریب دوست و دشمن سب آتے تھے وہ سراپا رحم وکرم تھے ۔
انہوں نے کہا کہ حسب روایت قدیمہ شاہی مسجد فتح پوری میں عید میلاد النبی کے موقع پر9نومبر بروز ہفتہ بعد نماز جلسہ عام منعقد ہوگا ۔
انہوں نے ہندستان کے سبھی طبقہ کے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بابری مسجد کے مقدمہ میں فیصلہ کسی کے بھی حق میں ہو لیکن ہر صورت میں امن برقرار رہنا چاہئے ۔قانونی لڑائی کو سڑکوں پر نہیں لانا چاہئے
۔انہوں نے کہا کہ ہر طرف میٹنگیں کی جا رہی ہیں اور مسلمانوں سے بھی لوگ امن کی اپیل کر رہے ہیں حالانکہ مسلمان کبھی بھی تشدد کا سہارا نہیں لیتے وہ تو امن سے رہتے آئے ہیں ۔امن برقرار رکھنے کی ذمہ داری تو سب کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دونوں فرقوں میں گفت وشنید ہونے سے حالات سدھریں گے ایسی ہی کوشش ماب لنچنگ اور فرقہ پرستی کے خلاف بھی ہونی چاہئے ۔مفتی مکرم نے کہا اگر پولس اور انتظامیہ غیر جانبداری اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تب ہی امن قائم ہو سکتا ہے انہوں نے لیفٹیننٹ
گورنر دہلی سے فتح پوری مسجد کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا چونکہ بعض اوقات فرقہ پرست عناصر مسجد کے دروازے پر جمع ہو کر نعرے لگانے لگتے ہیں جن سے نقض امن کا خطرہ پید اہو جاتا ہے ۔
  

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS