جوگابائی جامعہ نگر کے اطراف کی تمام گلیوں میں سیور جام سے گندی اور غلاظت کا ڈھیر

0

نئی دہلی(انوارالحق ؍ایس این بی) : مقامی ایم ایل اے کی بے توجہی سے جامعہ نگرکے جوگابائی ایکسٹینشن میں واقع عمر فاروق مسجد، تقویٰ مسجد اور ممتاز مسجد کے آس پاس کی تمام سڑکیں اور کی نالیاں کافی عرصے سے جام اور سڑک بھی خستہ حال ہے ، بالخصوص عمر فاروق مسجد کے سامنے ثقلین روڈکو جنوری 2022 سے قبل جو کھدائی کررکھا ہے۔ 8 ماہ کا طویل عرصہ ہونے کے باوجود ابھی تک وہ یوں ہی پڑا ہوا ہے۔سڑک پرجابجا گڈھے ہیں ، جس میں نالی کا غلیظ پانی اور کیچر بھرا ہوا، وہاں سے نہ تو پیدل اور نہ ہی گاڑی سے ہی نکل سکتے ہیں۔انجانے میں جو وہاں سے گزرتے ہیں ۔ان کے ساتھ حادثہ پیش آنا یقینی ہے، اسی لئے مقامی لوگ اور نماز ی کافی پیچیدہ اور طویل راستہ طے کرکے مذکورہ مساجد تک پہنچتے ہیں۔معروف سماجی کارکن وکیل قریشی نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تقریباً 2 برس سے ثقلین روڈ پر سیور اُبل رہا ہے اور سڑک بھی پوری طرح خستہ اور خراب ہے ، اس کی وجہ سے عام لوگوں کا سڑک پر چلنا دشوارہوگیا ہے۔ اسی گلی میں مسجد عمر فاروق ہے ، سڑک پڑ غلاظت کی وجہ سے نمازیوں کو بہت زیادہ دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس کی شکایت مقامی ایم ایل سے کئی مرتبہ کی گئی، اس کے باوجود انھوں نے ابھی تک کوئی ٹھو س قدم نہیں اٹھایا ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ مقامی ایم ایل اے امانت اللہ خان نے عوام کو ورغلانے کے لئے سیور کی پائپ ڈالنے کے لئے سڑک کی کھدائی توکر ادی ہے ، لیکن کئی ماہ گزرجانے کے باوجود ابھی تک کام آگے نہیں بڑھا ہے۔آج بعد نماز جمعہ معروف شاعر، اردو اکادمی دہلی کے سابق وائس چیئرمین اور انٹرنیشنل صوفی مشن کے بانی چیئر مین ماجد دیوبندی نے بھی کافی غم وغصے کا اظہار کیا اور کہاکہ یہاں پر 24 گھنٹے سیور ابلتے رہتے ہیں ، پورے سڑک پر غلاظت پھیلی ہوئی ہے، یہ کیچر عام کیچر نہیں ہے بلکہ لوگوں کے گھروں کا پاخانہ وپیشاب ہے۔ اس کے چھینٹے کپڑے میں پڑ جائے تو نماز ہی نہیں ہوگی۔انھوں نے کہاکہ تقویٰ مسجد، ممتاز مسجد اور عمر فاروق مسجد کے اطراف میں جنتی بھی سڑکیں اور گلیاں ہیں سبھی کی حالت انتہائی خستہ ہے ، نمازی پاخانہ پیشاب سے گزر کر مسجد میں نماز پڑھنے کے لئے جانے پر مجبور ہیں۔انھوں نے مزید کہاکہ مذکورہ علاقوں کی گلیوں او رسڑکوں کی کھدائی جنوری 2022 میں ہی کی گئی ہے ابھی تک اس میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے یہ بھی کہا کہ اس کی شکایت یا کسی اور کام کے لئے مقامی ایم ایل اے اور دیگر ذمہ داران کو فون کرتے ہیںتو وہ فون ریسو نہیں کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS