لمپی بیماری کو لے کر وزیر اعلیٰ نے خود سنبھالی کمان : منوہر لال

0

نعیم خان
چنڈی گڑھ (ایس این بی) : ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال نے خود لمپی بیماری کو لے کر کمان سنبھال لی ہے۔ جمعہ کو وزیر اعلیٰ نے چیف سکریٹری اور محکمہ حیوانات کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کر کے مشن موڈ میں کام کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وبا کی طرح اس بیماری سے بچاؤ کے لیے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے چیف سکریٹری کو حکم دیا کہ ریاست کی ضرورت کے مطابق اس بیماری سے متعلق تمام دستیاب ٹیکے فوری طور پر خریدے جائیں اور ریاست بھر کے جانوروں کو ٹیکے لگائے جائیں۔ میٹنگ میں ہریانہ کے انیمل ہسبنڈری اور ڈیری کے وزیر جے پرکاش دلال بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل ہوئے۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ منوہر لال نے چیف سکریٹری سنجیو کوشل کو ہدایت دی ہے کہ وہ لمپی بیماری سے متعلق ہر روز نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سکریٹری کو فوری طور پر تمام ضلع کے ڈپٹی کمشنروں، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، محکمہ انیمل ہسبنڈری کے تمام افسران کی میٹنگ کرنی چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ حیوانات کو حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کی طرح ہمیں اس بیماری سے لڑنے کے لیے مشن موڈ میں کام کرنا ہوگا۔ مارکیٹ میں جتنی تعداد میں ویکسین دستیاب ہیں فوراً خریدی جائیں۔ وزیر اعلیٰ منوہر لال نے محکمہ انیمل ہسبنڈری کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ لمپی بیماری سے متعلق ویکسی نیشن تیزی سے کی جائے۔ وہ خوراکیں جو اب تک فراہم کی گئی ہیں فوری طور پر دی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انیمل ہسبنڈری پہلے ان اضلاع میں تیزی سے ویکسی نیشن کرے جہاں متاثرہ جانوروں کی تعداد زیادہ ہے۔ اس کے بعد دیگر اضلاع میں بھی ویکسی نیشن کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ خود ویکسین کے حوالے سے مرکزی وزیر برائے حیوانات اور ڈیری سے بات کریں گے اور جلد از جلد ویکسین فراہم کرنے کی درخواست کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ انیمل کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن رات ایک کر کے اس بیماری کی ویکسی نیشن میں لگ جائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عدم صفائی ستھرائی اور متاثرہ جانور اس بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ہیں۔ ایسے میں تمام مویشیوں کے مالکان کو صفائی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ اس کے ساتھ متاثرہ جانوروں کو فوری طور پر دوسرے جانوروں سے الگ کر دینا چاہیے۔ جانوروں کی ایک ریاست سے دوسری ریاست میں نقل و حرکت بند کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جو جانور لمپی بیماری کی وجہ سے مر جاتے ہیں، ضلعی انتظامیہ گہرے گڑھے کھود کر ان جانوروں کو صحیح طریقے سے دفن کرنے کا کام کرے تاکہ یہ بیماری دوسرے صحت مند جانوروں میں نہ پھیلے۔ وزیر اعلیٰ منوہر لال نے محکمہ انیمل ہسبنڈری کو مائیکرو سطح پر نگرانی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ جانوروں کا ڈیٹا روزانہ اپ ڈیٹ کیا جائے۔ اس کے علاوہ مرنے والے جانوروں کے اعدادوشمار کو بھی فوری اپ ڈیٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گئوشالوں پر بھی نظر رکھی جائے، جو جانور اس سے متاثر ہوں انہیں گئوشالوں میں موجود دیگر جانوروں سے الگ کیا جائے۔ اگر اس میں کوئی پریشانی ہو تو ضلعی ڈپٹی کمشنر سے فوری مدد لی جائے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS