مانو ریگولر کورسس میں داخلے،آخری تاریخ 10 جولائی 

0

    حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے انٹرنس کے ذریعہ داخلے کے مختلف کورسز میں آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 10 جولائی تک مزید توسیع کی ہے۔ اس سے قبل آخری تاریخ 20جون تک بڑھا دی گئی تھی۔امیدواروں کو11 تا 15 جولائی درخواستوں میں ایڈیٹنگ کی سہولت رہے گی۔ پروفیسر ایم وناجا، ڈائرکٹر نظامت داخلہ کے بموجب درخواست گذاروں اور اولیائے طلبہ کی نمائندگی اور موجودہ حالات کے پیش نظر  داخلہ کی تاریخ میں مزید توسیع کی گئی ہے۔ انٹرنس ٹسٹ اور کونسلنگ کی تواریخ بھی تبدیل کردی گئیں ہیں۔ نئی تواریخ کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔ انٹرنس کے ذریعہ داخلہ دئے جانے والے کورسز میں پی ایچ ڈی اردو، انگریزی، ہندی، عربی،فارسی، مطالعات ترجمہ؛ مطالعات نسواں، نظم و نسق عامہ،سیاسیات، سوشل ورک، اسلامک اسٹڈیز، تاریخ، معاشیات،سماجیات؛ تعلیم؛ صحافت و ترسیل عامہ؛ مینجمنٹ، کامرس؛ ریاضی، طبیعات، کیمیا، نباتیات، حیوانیات؛ کمپیوٹر سائنس، ایس ای آئی پی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر انٹرنس کی اساس کے کورسز میں پوسٹ گریجویٹ پروگرامس میں ایم بی اے؛ ایم سی اے، ایم ٹیک (کمپیوٹرسائنس) اور ایم ایڈ؛ انڈر گریجویٹ پروگرامس (بی ایڈ اور بی ٹیک (کمپیوٹر سائنس))اور پیشہ ورانہ ڈپلوما ایلمنٹری ایجوکیشن (ڈی ایل ایڈ) و نیز پالی ٹیکنک کورسس سیول انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ، الیکٹرانکس اینڈ کمیونی کیشن انجینئرنگ اور انفارمیشن ٹکنالوجی، میکانیکل،الیکٹریکل و الیکٹرانکس انجینئرنگ شامل ہیں۔ تمام کورسس کا ذریعہ تعلیم اور امتحان صرف اردو ہے۔یونیورسٹی کے ہیڈ کوارٹر کے علاوہ کالجس آف ٹیچر ایجوکیشن بھوپال(مدھیہ پردیش)، دربھنگہ(بہار) میں بی ایڈ، ایم ایڈ اور پی ایچ ڈی ان ایجوکیشن؛ کالجس آف ٹیچر ایجوکیشن آسنسول(مغربی بنگال)، اورنگ آباد (مہاراشٹرا)، سنبھل (اترپردیش)، نوح (ہریانہ) اور بیدر (کرناٹک) میں بی ایڈ دستیاب ہے۔ پالی ٹیکنیک کورسز میں سیول انجینئرنگ؛ کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ، الیکٹرانکس اینڈ کمیونی کیشن انجینئرنگ کے ڈپلوما دربھنگہ۔بہار اور بنگلورو۔ کرناٹک میں دستیاب ہیں۔ جبکہ سیول انجینئرنگ،میکانیکل انجینئرنگ، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس انجینئرنگ، کڑپہ۔آندھراپردیش اور کٹک۔اڈیشہ میں دستیاب رہیں گے۔ تمام درخواست گزاروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ کم از کم دسویں /بارہویں میں اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرچکے ہوں یابحیثیت زبان یا مضمون، اردو کامیاب ہوں یا مصرحہ مدرسوں سے فارغ ہوں جن کا ذریعہ تعلیم اردو ہو۔ تمام پروگراموں کا ذریعہ تعلیم اردو ہے۔ درخواستیں یونیورسٹی ویب سائٹ manuu.edu.in پر صرف آن لائن ہی قبول کی جائیں گی۔ تفصیلات یا کسی وضاحت کے لیے نظامت داخلہ کو [email protected] پر ای میل کریں۔ایس سی /ایس ٹی/اوبی سی/معذور/ ای ڈبلیو ایس امیدواروں کے مختلف پروگراموں میں داخلے کیلئے تحفظات حکومت ہند کے ضوابط کے مطابق رہیں گے۔ یونیورسٹی میں ہاسٹل کی محدود گنجائش فراہم ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS