اتراکھنڈ میں جلد ہی یکساں سول کوڈ قانون بنایا جائے گا: دھامی

0

نئی دہلی: (یو این آئی) اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے اتوار کو کہا کہ ریاست میں یکساں سول کوڈ قانون بنانے کے ساتھ ہی آبادی کے تناسب میں تبدیلی کو کنٹرول کرنے اور تبدیلی مذہب پر پابندی لگانے کے سخت اقدامات کی سمت میں کام شروع ہو گیا ہے۔مسٹردھامی نے یہاں قوم پرست نظریات کی حوصلہ افزائی کرنے والی میگزین پانچجنیہ اور آرگنائزر کے 75 ویں سال کے موقع پر منعقدہ ایک میڈیا منتھن پروگرام میں مذکورہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کو ماحولیاتی تحفظ اور اقتصادی ترقی دونوں کوایک ساتھ لے کرکام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، باغبانی، سیاحت، آیوروید وغیرہ شعبوں میں بہت سے کام جاری ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پہل سے چار دھام یاترا کے لیے اچھی سڑکوں اور دیگر سہولیات کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کماؤن میں 17 تیرتھ مقامات کو سرکٹ ‘مانس کھنڈ’ کے طور پر تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بابا نیب کروڑی کے کینچی دھام میں ایک بہت بڑی پارکنگ بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دہرادون کے قریب پانچویں دھام کے طور پر سینیہ دھام بنایا جا رہا ہے، جس میں 1700 سے زیادہ شہید فوجیوں کے گھر کے صحن کی مٹی کا استعمال کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیدارناتھ اور ہیم کنڈ صاحب میں روپ وے کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔ چار دھام اور دیگر مقامات پر لوگوں کا مقام کی گنجائش سے کئی گنا زیادہ تعدادمیں پہنچ جانا تشویش کی بات ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ رجسٹریشن کے بغیر سفر نہ کریں۔ لوگ صحت کا معائنہ کروانے کے بعد اورفٹ ہونے کی صورت میں ہی سفر شروع کریں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS