اگر پولنگ ایمانداری سے کرائی جائے تو ایس پی امیدوار کو کوئی ہرا نہیں سکتا: اعظم خان

0

رام پور(ایجنسیاں) : اترپردیش کی رامپور اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے بارے میں ایس پی لیڈر اعظم خان نے کہا ہے کہ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ انتظامیہ ہمارے لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے۔ اگر پولنگ ایمانداری سے کرائی جائے تو اس سیٹ پر ایس پی امیدوار کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی ہمارے یہاں سے لیڈروں کو توڑ کر لے جا رہی ہے تو ہم بھی وہاں سے کارکنوں کو توڑکر لائیں گے۔ انتظارکیجئے، میں نہلے کا جواب دہلے سے نہیں بلکہ بیسویں سے دوں گا۔ ایسا جواب دوں گا کہ بی جے پی والے چونک جائیں گے۔اعظم خان نے کہا کہ اب عبدل تو دری بچھائے گا نہیں ۔ بی جے پی کے دفتر پر دری تو بچھنی ہے، پھر دری کون بچھائے گا۔ کیا انگد دری بچھائے گا، اگر انگد دری بچھائے گا تو سمجھئے بی جے پی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بھی نہیں ہے کہ ہم انتخابی مہم میں بی جے پی سے پیچھے چل رہے ہیں۔ ہم کوئی شورشرابہ نہیں کر رہے ہیں۔ ہمارے کارکن گھر گھر جا کر لوگوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔ عوام سے پرامن طریقے سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کررہے ہیں۔ اکھلیش یادو بھی ایس پی امیدوار کے حق میں جلسہ عام سے خطاب کرنے آئیں گے۔ ان کا پروگرام ایک2روز میں طے ہو جائے گا۔اعظم نے مزید کہا کہ میں نے اپنی نصف دہائی کی سیاست میں لوگوں کو جوڑنے کا کام کیا ہے۔ رام پور کے لوگوں سے ہمارا دلی تعلق ہے۔ استعلق کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ نامساعد حالات کے باوجود لوگ ہمارے دفتر آتے ہیں، ہمارے پروگرام میں آتے ہیں۔ کیوں آئے، کیونکہ وہ مجھے چاہتے ہیں۔ ان کا میرے ساتھ دلی تعلق ہے۔ ہر ذات اور مذہب کے لوگ مجھ سے جڑے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS