بنگلہ دیش کو شکست دے کر ہندوستان ٹاپ پر

0

ایڈیلیڈ(یو این آئی) : وراٹ کوہلی(64 ناٹ آؤٹ) اور کے ایل راہل (50) کی نصف سنچریوں کے بعد گیند بازوں کے صبر کی بدولت ہندوستان نے منگل کو ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے بارش سے متاثرہ سپر-12 میچ میں بنگلہ دیش کو پانچ رنز سے شکست دی۔
ہندوستان نے گروپ-2 میں بنگلہ دیش کے سامنے 20 اوورز میں 185 رنز کا ہدف رکھا تھا جسے بارش کے باعث 16 اوورز میں 151 رنز تک محدود کر دیا گیا۔ جواب میں بنگلہ دیش صرف 145 رنز بنا سکا۔بنگلہ دیش کے اوپنر لٹن داس (60) نے بھرپور بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سات اوورز میں 66 رنز تک پہنچایا، لیکن بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ بارش کے بعد کھیل شروع ہوتے ہی لٹن رن آؤٹ ہو گئے اور بنگلہ دیش کی وکٹیں گرنے لگیں۔ اس کے باوجود نورالحسن (19) اور تسکین احمد (12) نے ساتویں وکٹ کے لیے 19 گیندوں پر 37 رنز کی شراکت داری کرکے بنگلہ دیش کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔ارشدیپ سنگھ کو آخری اوور میں ہندوستان کو 20 رنز بچانے تھے ۔ نور نے اس اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا بھی لگایا لیکن ارشدیپ نے تحمل کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 145 رنز تک محدود کردیا۔
ہندوستان نے گروپ 2 میں چار میچوں میں چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ بنگلہ دیش تیسرے نمبر پر ہے ۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کرہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ابتدائی اوورز میں میچ پر پکڑ بھی رکھی۔ ہندوستان نے چوتھے اوور میں روہت شرما کا وکٹ گنوایا لیکن راہل نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر رن ریٹ بڑھا دیا۔
راہل اور کوہلی نے یہاں سے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے 67 رنز کی شراکت کی۔ سست آغاز کرنے والے راہل نے 10ویں اوور میں 32 گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کیے ، حالانکہ وہ اسی اوور میں آؤٹ ہو گئے ۔ سوریہ کمار یادو نے 16 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاردک پانڈیا، دنیش کارتک اور اکشر پٹیل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے ۔کوہلی دوسرے اینڈ سے رنز بناتے رہے ۔ وہ اس دوران ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ۔ کوہلی نے 44 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 64 رنز بنائے ۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے روی چندرن اشون نے چھ گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 13 رنز بنائے ۔ آخری تین اووروں میں تین وکٹیں گنوانے کے باوجود ہندوستان نے 20 اووروں میں 54 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے 184/6 کا اسکور بنایا۔بنگلہ دیش نے 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دھماکہ خیز آغاز کیا۔ نجم الحسین شانتو ایک سرے پر پرسکون رہے جبکہ لٹن نے دوسرے سرے پر انتھک بیٹنگ کرتے ہوئے 21 گیندوں پر اپنی ففٹی تک پہنچائی۔ بنگلہ دیش نے سات اوورز میں 66 رنز بنائے تھے لیکن ایڈیلیڈ کی بارش نے لٹن کے طوفان کو ختم کر دیا۔ بارش رکنے کے بعد بنگلہ دیش کو نو اوورز میں 85 رنز درکار تھے ۔ ہندوستان کو پہلی کامیابی آٹھویں اوور کی دوسری گیند پر ملی اور لٹن داس 27 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے ۔ شانتو (21) نے اپنا ہاتھ کھولنے کی کوشش کی لیکن محمد شامی نے انہیں سوریہ کمار یادو کے ہاتھوں کیچ کرا لیا۔ بنگلہ دیش نے نو رنز کے اندر اگلی چار وکٹیں گنوا دیں۔ ارشدیپ سنگھ نے پانچ گیندوں کے وقفے میں عفیف حسین اور شکیب الحسن کو آؤٹ کیا جبکہ ہاردک پانڈیا نے اپنے اوور میں یاسر علی اور مصدق حسین کو آؤٹ کیا۔بنگلہ دیش نے 13 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے تھے لیکن نور۔ تسکین کی شراکت نے انہیں ہدف کے بہت قریب پہنچا دیا۔ دونوں نے مل کر اگلے تین اوورز میں 37 رنز جوڑے ، حالانکہ یہ انہیں فتح دلانے کے لیے کافی نہیں تھے ۔ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے چار اووروں میں 38 رن دے کر دو وکٹ لئے جبکہ ہاردک پانڈیا نے تین اوورز میں 28 رن دے کر دو وکٹ لئے ۔ محمد شامی نے تین اوورز میں 25 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS