جموں میں ریلائنس اسٹور کھولنے کے خلاف تاجروں کا احتجاج

0

جموں، (یو این آئی): جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں اتوار کے روز تاجروں اور مختلف انجمنوں نے ریلائنس سٹور کھولنے کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے ۔مظاہرین نے بتایا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت جموں کے تاجروں کے پیٹ میں چھرا گھونپا جارہا ہے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ریلائنس سٹوروں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ اتوار کے روز جموں کے تاجروں نے انتظامیہ کی جانب سے جموں میں ریلائنس سٹور کھولنے کی اجازت دینے کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے ۔تاجروں، بیوپاریوں اور مختلف انجمنوں سے وابستہ عہدیداروں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر بھی اُٹھا رکھے تھے جن پر ریلائنس سٹور بند کرنے کے الفاظ درج تھے ۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران تاجروں نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے لیا گیا فیصلہ ناقابل برداشت ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ریلائنس سٹوروں پر غذائی اجناس سے لے کر ادویات تک دستیاب ہے اور یہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ہو رہا ہے ۔اُن کے مطابق انتظامیہ نے مقامی تاجروں کے پیٹ پر لات مار کر ریلائنس سٹوروں کا قیام عمل میں لایا جس کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔تاجروں نے دھمکی دی کہ جب تک انتظامیہ کی جانب سے اس فیصلے کو واپس نہیں لیا جاتا احتجاج کو جاری رکھے جائے گا۔بتادیں کہ ہفتے کے روز جموں میں تاجروں کی ایک بڑی تعداد نے توی پل پر دھرنا دیا تھا جس وجہ سے جموں شہر میں ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی تھی ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS