ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو دی شکست،سیریز 1-1سے برابر

0

رانچی (یو این آئی) : ہندوستان نے شریئس ایر (ناٹ آؤٹ 113) اور ایشان کشن (93) کی نصف سنچریوں کی بدولت اتوار کو دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے سامنے 279 رن کا ہدف رکھا تھا جسے ہندوستان نے 45.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔ایر اور کشن نے تیسرے وکٹ کے لیے 161 رن کی میچ وننگ پارٹنرشپ کی۔ کشن نے اس شراکت میں جارحانہ کردار ادا کرتے ہوئے 84 گیندوں میں چار چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 93 رن بنائے ۔ کشن ون ڈے میں اپنی پہلی سنچری بنانے سے محروم رہے ، لیکن ایر نے اس فارمیٹ میں اپنی دوسری سنچری بنائی، 111 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 113 رنز بنا کر ہندوستان کی جیت میں مدد دی۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور جلد ہی کوئنٹن ڈی کاک کا وکٹ گنوا دیا، جنہیں محمد سراج نے پانچ رنز پر بولڈ کیا۔ یانیمان ملان (25) نے سست آغاز کے بعد کچھ اچھے شاٹس کھیلے لیکن ون ڈے ڈیبیو کرنے والے شہباز احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی 40 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ہینڈرکس اور مارکرم نے تیسری وکٹ کے لیے 129 رنز کی شراکت قائم کی۔ ہینڈرکس نے 76 گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 74 رنز بنائے جبکہ مارکرم نے 89 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 79 رنز بنائے ۔جنوبی افریقہ 30 اوورز میں 157 رنز بنانے کے بعد بڑے اسکورکی طرف گامزن تھا لیکن ہندوستانی گیند بازوں نے رن ریٹ پر قابو پالیا۔ انہوں نے 42ویں سے 47ویں اوور تک جنوبی افریقہ کو ایک بھی باؤنڈری نہیں لگنے دی۔ ہینرک کلاسن (30) اور وین پارنیل (16) کے آؤٹ ہونے کے بعد، ملر پر ٹیم کو اچھے اسکور تک لے جانا تھا۔ ملر نے شاردل ٹھاکر کے 49ویں اوور میں دو چوکے لگائے لیکن سراج نے 50ویں اوور میں صرف تین رنز دے کر کیشو مہاراج کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے اور آخری آٹھ اوورز میں صرف 41 رنز کا اضافہ کیا۔
ہندوستانی گیندبازی کی قیادت کرتے ہوئے سراج نے 10 اوورز میں صرف 38 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ شاردل، شہباز، واشنگٹن سندر اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
ہندوستان کے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز شیکھر دھون اور شبھمن گل اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے ۔ دھون نے پارنیل کے ہاتھوں بولڈ ہونے سے پہلے 13 (20) رنز بنائے ، جبکہ گل نے 26 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے ۔
ہندوستان نے 48 رنز پر پہلے دو وکٹ گنوائے ، لیکن ایر اور کشن نے تیسرے وکٹ کے لیے 161 رنز کی شراکت داری کے ساتھ جنوبی افریقہ سے میچ چھین کر ٹیم کو 209 تک پہنچا دیا۔ کشن نے اننگز کا آغاز آہستہ کیا لیکن ٹیم کا سکور 100 رنز سے تجاوز کرنے کے بعد رفتار بدل دی۔ جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے کشن نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری سے صرف سات رنز کی دوری پر، کشن نے بیورن فورٹین پر ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، لیکن وہ ڈیپ مڈ وکٹ پر کھڑے ہینڈرکس کو عبور نہ کر سکے ۔
کشن کے آؤٹ ہونے کے بعد، ایر نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔ یہ (113 ناٹ آؤٹ) کھیل کے اس فارمیٹ میں ایر کا بہترین اسکور بھی ہے ۔ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سنجو سیمسن نے 36 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 30 رن بنائے اور ایر کے ساتھ 73 رن کی اہم شراکت داری کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
ہندوستان نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے ۔ سیریز کا آخری میچ منگل کو دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS