300 سے زائد اداروں کو 24 گھنٹے کام کرنے کی اجازت : ونے کمار سکسینہ

0

زیر التوامقدمات کو نمٹانے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار،افسران ایک ہفتے میں احکامات جاری کریں: ایل جی
نئی دہلی (ایس این بی) : راجدھانی میں ’نائٹ لائف‘کو فروغ دینے کے مقصد سے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے ہوٹلوں سمیت 300 سے زیادہ اداروں کو 24گھنٹے کام کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس میں آن لائن خریداری اور ڈلیوری کی خدمات شامل ہیں۔ اس معاملے میں سختی دکھاتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں سے ایک ہفتہ کے اندر نوٹیفکیشن جاری کرنے کو کہا ہے۔ اداروں کی ایک بڑی تعداد نے اس طرح کی نرمی کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر کے پاس 2016 سے 314 درخواستیں زیر التوا ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر کے اس حکم کو دہلی کے باشندوں، صحت کے شعبے اور تاجروں کے لیے دیوالی کا تحفہ قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات پر بھی برہمی کا اظہار کیا ہے۔اس تجویز کو منظور کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے اس استثنیٰ کے لیے کمپنیوں سے موصول ہونے والی درخواستوں کے نمٹانے پر محکمہ محنت کے افسران سے ناراضگی کا اظہار بھی کیا ہے۔ انہوں نے حکم دیا ہے کہ دہلی میں سرمایہ کاروں اور کاروباری دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کی درخواستوں کو مقررہ مدت کے اندر نمٹا دیا جائے۔ حکم نامے کے بعد حکام کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے سے ہوٹلوں، ادویات، ریستوراں، کھانے پینے کی اشیا، لاجسٹکس اور دیگر ضروری اشیا ، ٹرانسپورٹ اور ٹریول (سوائے کے پی او اور بی پی او) کے 300 سے زائد ادارے 24 گھنٹے کام کرنا شروع کر دیں گے۔ سیکشن 14 اور 15 کے تحت چھوٹ دینے کے فیصلے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔حکام کے مطابق کل زیر التوا346 درخواستوں میں سے18درخواستیں 2016 کے،2017 کی83 درخواستیں، 2018کی 25 درخواستیں، 2019کی 25 درخواستیں اور 2020 کی4 درخواستیں زیر التوا ہیں۔ محکمہ محنت کی طرف سے 2021 کی درخواستوں پر کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ کا یہ رویہ پیشہ ورانہ مہارت کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ محنت نے لاپروائی کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ ایسا نظام بدعنوانی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS