اضافی زمین حاصل کرنے کے بجائے موجودہ ڈپو کو وسعت دینے کا ڈی ایم آر سی کا فیصلہ

0

ریل کارپوریشن کے مکند پور ڈپو کی توسیع کا منصوبہ
اضافی زمین حاصل کرنے کے بجائے موجودہ ڈپو کو وسعت دینے کا ڈی ایم آر سی کا فیصلہ
نئی دہلی (یو این آئی) : دہلی میٹرو اپنے فیز-IV کے تحت آنے والے دو کوریڈورز یعنی مجلس پارک سے موج پور (پنک لائن کی توسیع) اور جنک پوری ویسٹ سے آر کے آشرم مارگ (میجنٹا لائن کی توسیع) کی ضروریات کو پورا کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ فیز- 4کے لیے ڈی ایم آر سی نے نئے ڈپو کے لیے اضافی زمین حاصل کرنے کے بجائے موجودہ ڈپو کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔دہلی میٹرو کے چیف ایگزیکٹو ڈائرکٹر انوج دیال نے کہا کہ مکند پور ڈپو میں کچھ اسٹیبلنگ لائنوں کو مزید وسعت دی جائے گی اور ٹرین کو کھڑا کرنے اور دیکھ بھال کے کام کے لیے کچھ مزید اسٹیبلنگ لائنیں شامل کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ اس وقت مکند پور ڈپو میں 24 اسٹیبلنگ لائنیں ہیں۔ ان میں سے 11 لائنوں کو بڑھایا جا رہا ہے ، جو ٹرین کی اسٹینڈنگ کی مرمت کے لیے استعمال کی جائیں گی، جبکہ باقی 13 اسٹیبلنگ لائنوں کو میجنٹا لائن کی ضروریات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔اس کے علاوہ مجلس پارک میٹرو اسٹیشن (پنک لائن) پر 6 نئی ایلیویٹڈ اسٹیبلائزنگ لائنیں تعمیر کی جائیں گی۔ یہ ایلیویٹڈ اسٹیبلنگ لائنیں ڈپو پر بوجھ کو کم کر دیں گی اور ان اسٹیبلنگ لائنوں کے کام کرنے کے بعد ٹرین کے انڈکشن ٹائم میں کمی آئے گی۔ یہ لائنیں میجنٹا لائن کے جسولا وہار شاہین باغ میٹرو اسٹیشن پر تعمیر کردہ ایلیویٹڈ اسٹیبلائزنگ لائنوں کی طرح ہوں گی۔
اس موقع پر دیال نے کہا کہ مکند پور ڈپو کے علاوہ سریتا وہار اور اجرونڈہ کے موجودہ ڈپوں میں بھی اضافی سہولتوں کے ساتھ توسیعی کام کیا جا رہا ہے تاکہ فیز-4 کی سلور لائن (دہلی ایروسیٹی سے تغلق آباد) اور پہلے سے چل رہی وایلیٹ لائن (لائن-6راجہ نہر سنگھ سے کشمیری گیٹ) کو سپورٹ دیا جا سکے۔ ان کاموں کے ذریعہ دہلی میٹرو نئے ڈپو کی تعمیر اور فیز- IVکوریڈورز کے لیے اضافی زمین کے حصول سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اس کے بجائے موجودہ وسائل میں اضافہ کی صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کیا جائے گا، اس طرح اخراجات اور افرادی قوت کی ضرورت میں کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ ڈپو پر کئے جانے والے توسیعی کاموں میں پنک اور میجنٹا لائنوں کے نئے ٹیسٹ ٹریک بھی شامل ہوں گے ۔ڈپو کی توسیع کے لیے زیادہ تر اسپیئرز کے لیے ٹینڈر پہلے ہی دیے جا چکے ہیں۔ فیز- IVکے تحت، تین راہداریوں یعنی مجلس پارک سے موج پور 12.31 کلومیٹر، جنک پوری ویسٹ سے آر کے آشرم مارگ 29.26 کلومیٹر اور دہلی ایروسٹی سے تغلق آباد 23.62 کلومیٹر نئی لائنوں پر دہلی میٹرو کے ذریعے تقریباً 65 کلومیٹر لمبی نئی لائنیں شامل کی جا رہی ہیں۔ ان راہداریوں پر تعمیراتی کام جاری ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS