اتراکھنڈ میں 17500کروڑ کے منصوبوں کا افتتاح : نریندر مودی

0

نینی تال (یو این آئی) : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کانگریس پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 60سالوں میں ملک میں ترقیاتی پروجیکٹوں کو لٹکانے کی روایت رہی ہے ، جن میں ایک لکھواڑ کثیرالمقاصد پروجیکٹ بھی تھا، جس کو 46 سال بعد ان کی حکومت نے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔ مودی آج اتراکھنڈ کے کماؤن ڈویژن کے ہلدوانی پہنچے ۔ انہوں نے اتراکھنڈ کے لوگوں کو تقریباً 17.5 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے دئیے۔ اس میں سے 14127 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا، جبکہ 3420کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے عوام کیلئے وقف کیے گئے،جہاں وزیر اعظم نے 300میگاواٹ کے لکھوار کثیرالمقاصد پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا، وہیں انہوں نے ترائی کے ادھم سنگھ نگر کے رشی کیش میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سیٹلائٹ سینٹر اور پتھورا گڑھ میں بابو جگجیون رام میڈیکل کالج کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ دونوں پر تقریباً 955کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کانگریس کا نام لیے بغیر کہا کہ ایسے لوگ پہاڑوں تک بجلی اور سڑکیں فراہم کرنے کیلئے محنت کرنے سے کتراتے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کی کئی نسلیں اچھی سڑکیں اور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے دوسری جگہ آباد ہو چکی ہیں۔ آج ملک کے عوام ایسے لوگوں کو پہچان چکے ہیں اور ان کی قلعی کھول رہے ہیں۔ مسٹر مودی نے ہلدوانی کی بنیادی ترقی کیلئے 2000 کروڑ روپے الگ سے ریلیزکرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہلدوانی شہر کے تمام شعبوں جیسے پانی، گٹر، سڑک، پارکنگ، اسٹریٹ لائٹ وغیرہ میں خاطر خواہ ترقی ہوگی۔مسٹر مودی نے کہا کہ آنے والی دہائی اتراکھنڈ کی دہائی ہے اور وہ یہ بات سوچ سمجھ کر کہہ رہے ہیں۔ مرکز اور ریاست کی ڈبل انجن والی حکومتیں اس کیلئے تیزی سے کام کر رہی ہیں۔ یہ اتراکھنڈ کے عوام کی طاقت سے ثابت ہوگا۔ وہ اتراکھنڈ کے لوگوں کی طاقت کو سمجھتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS