ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو ان کی سالگرہ پر ملک نے خراج عقیدت پیش کی

0

نئی دہلی : (یو این آئی) صدر رام ناتھ کووند،نائب صدرایم وینکیا نائیڈو،وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی قیادت میں ملک نے سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو ان کی سالگرہ پرخراج عقیدت پیش کیا اوران کی سادگی اور ملک کے لیے وقف زندگی کو یاد کیا۔ صدر جمہوریہ کووند نے جموں و کشمیر میں شمالی کمان کے اودھمپور کمپلیکس میں ڈاکٹر کلام کی تصویر پرخراج عقیدت پیش کیا۔ صدراس وقت جموں و کشمیر اور لداخ کے دورے پر ہیں۔ 15 اکتوبر 1931 کو رامیشورم میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر کلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ،’میزائل مین کے بطور مشہور ملک کے سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جی کو ان کی سالگرہ پر تہہ دل سے سلام۔ انہوں نے اپنی زندگی ہندوستان کو مضبوط ، خوشحال اور قابل بنانے میں وقف کر دی۔ وہ ہمیشہ ہم وطنوں کے لیے باعث تحریک رہیں گے‘۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ڈاکٹر کلام ایک عظیم سائنسدان تھے اور علم و آگہی کے مظہر تھے۔ لوک سبھا اسپیکر برلا نے کہا کہ سابق صدر نے ہندوستان کے سیکورٹی سسٹم کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مرکزی وزراء نتن گڈکری،پیوش گوئل،بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جگت پرکاش نڈا اور دیگر معزز شخصیات نے بھی سابق صدر عبدالکلام کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ . دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ ڈاکٹر کلام کی سادہ زندگی اور اعلیٰ افکار ہم وطنوں کو ہمیشہ متاثر کرتے رہیں گے۔اس موقع پر بی جے پی کی اترپردیش یونٹ نے ڈاکٹر کلام کے ایک بیان کا حوالہ دیا جس میں سابق صدر نے کہا تھا ،’خوابوں کو سچ ہونے سے پہلے آپ کو خواب دیکھنا ہوگا۔ خواب وہ نہیں ہوتے جو آپ نیند میں دیکھتے ہیں۔ خواب وہ ہوتے ہیں جو آپ کو سونے نہیں دیتے‘۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS