نئی دہلی:(یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملکی دفاعی صنعت کی طرف سے ٹیکنالوجی کے میدان میں کی جانے والی اختراعات کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ملک کا دفاعی شعبے میں خود کفیل بننے کا خواب ضرور پورا ہوگا۔ جمعہ کو پونے میں قائم انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ ڈیفنس ٹیکنالوجی کیمپس میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد مسٹر سنگھ نے کہا کہ “مجھے ابھی آپ لوگوں کے بنائے ہوئے کچھ سسٹم اور مصنوعات دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ انہیں دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ ہندوستان کو خودکفیل بنانے کا خواب ضرور پورا ہوگا۔ ”
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ملک کو دفاعی شعبے میں خود کفیل بنانے کے لیے کئی اقدامات اور اسکیمیں شروع کی ہیں۔ مسٹر سنگھ نے بتایاکہ “وزارت دفاع کی طرف سے ایسے کئی اقدامات شروع کیے گئے ہیں جہاں ہماری فوج ، اکیڈیمیاں ، صنعت اور حکومت کے نمائندے ایک اسٹیج پر نالج اور بیسٹ پریکٹس کا اشتراک کرکے انوویشن کی راہ میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت نے آئی ڈیکس سے متعلقہ خریداریوں کے لیے رواں سال 1000 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ دفاع اور ایرو اسپیس کے شعبے میں انوویشن کو فروغ دینے کے لیے 300 سے زائد اسٹارٹ اپ کو سپورٹ کرنے کے لیے تقریبا 500 کروڑ روپے الگ سے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ قومی تعلیمی پالیسی پر خصوصی توجہ کے ساتھ ایک نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن کا تصور پیش کیا گیا ہے جس میں اگلے پانچ سالوں میں پورے 50 ہزار کروڑ روپے تحقیق میں لگائے جائیں گے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ایک اچھی بات ہے کہ ڈیفنس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی مسلح افواج اور ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں کو وقتا فوقتا بین الاقوامی ورکشاپ کا اہتمام کر کے نئی چیزوں کے بارے میں معلومات فراہم کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS