ٹیکہ کاری کی بیداری کے لیے’جان ہے تو جہان ہے‘مہم شروع ہوگی:مختار عباس نقوی

1
image:aninews.in

نئی دہلی: (یو این آئی) اقلیتی امورکی مرکزی وزیر مختارعباس نقوی نے کہا کہ 21 جون سے پورے ملک کے دیہی علاقوں میں کورونا ویکسینیشن کے تئیں بیداری لانے،اندیشوں اور افواہوں کو روکنے کے لیے’جان ہے تو جہان ہے‘مہم شروع ہوگی۔

نقوی نے ہفتے کے روز یہاں کہا کہ اقلیتی امور کی وزارت مختلف سماجی، تعلیمی اداروں، سیلف ہیلف گروپس، خاتون سیلف ہیلف گروپ وغیرہ کو ساتھ لے کر ملک کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں کورونا ویکسینیشن کے تئیں بیداری کے لیے’جان ہے تو جہان ہے‘مہم شروع کر رہی ہے۔ اس مہم میں مختلف مذہبی، سماجی، ثقافتی، تعلیمی، طب، سائنس اور دیگر شعبوں کے سربراہوں کے پیغام، نُکّڑ ناٹک وغیرہ کے ذریعے مثبت پیغام دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 21 جون کو اترپردیش کے اقلیتی اکثریتی ضلع رام پور سے شروع ہونے والی’جان ہے تو جہان ہے‘مہم ملک کے مختلف مقامات پر ہوگی۔
نقوی نے بتایا کہ کچھ مفاد پرست عناصر نے ملک کے بعض علاقوں میں کورونا ویکسین کے سلسلے میں افواہوں اور اندیشوں کا ماحول بنانے کی کوشش کی ہے۔ یہ تذبذب پیدا کرنے والوں کی صحت و سلامتی کے دشمن ہیں۔ ملک کے سائنسدانوں کی محنت کے نتیجے میں دو’میڈ اِن انڈیا‘کورونا ویکسین تیار ہوئی ہے، سائنسی لحاظ سے یہ ثابت ہو چکا ہےہ کہ یہ تمام ویکسین مکمل محفوظ ہیں اور کورونا وائرس سے بچنے کا اہم ہتھیار ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS

Comments are closed.