Image:oneindia.com

اس قدم سے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا عمل شروع ہوگا: محبوبہ مفتی
سری نگر، (یو این آئی): پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم نریندر مودی کا اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے نام مکتوب کو صحیح سمت میں اٹھایا جانے والا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا عمل بحال ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری باجپئی نے بھی کہا تھا کہ دوستوں کو بدلا جا سکتا ہے لیکن ہمسایوں کو نہیں۔ محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا جو انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے نام ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر ارسال کیے گئے خط کے رد عمل میں کیا۔
محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’وزیر اعظم مودی کا اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ رابطہ کرنا صحیح سمت میں اٹھایا جانے والا ایک قدم ہے۔ جیسا کہ باجپئی جی نے بھی کہا تھا کہ دوستوں کو بدلا جا سکتا ہے لیکن ہمسایوں کو نہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا عمل شروع ہوگا، کشمیر کو مرہم کی ضرورت ہے۔‘ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان پاکستانی عوام سے خوشگوار تعلقات کا خواہشمند ہے۔ اس سے قبل پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کو مسائل کے حل کے لئے بات چیت کا عمل شروع کرنا چاہیے۔ سیاسی مبصرین اس خط کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری ہونے کی نوید تصور کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS