این ڈی ایم سی نے عوامی مقامات پر تھوکنے پر 1000 روپئے کا جرمانہ ہوگا

0

نئی دہلی:کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے اورحفظان صحت کو برقرار رکھنے کے مقصد سے نئی دہلی میونسپل کونسل(این ڈی ایم سی) نے اپنے علاقہ میں دس سوک وارڈن  کے ایک خصوصی دستے کے ذریعہ اہم مہم کی شروعات کی ہے جس کے تحت عوامی مقامات پر تھوکنے والوں کے خلاف جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ 
 این ڈی ایم سی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کونسل نے پہلے سے ہی عوامی مقامات پر تھوکنے کے سلسلے میں ایک نوٹس جاری کیا ہے جس کے مطابق عوامی مقامات پر تھوکنے والوں پر 1000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک بیداری مہم شروع کی گئی ہے۔ 
بیان میں کہا گیا ہے کہ میونسپل کونسل نے نئی دہلی میں کورونا وائرس سے نمٹنے  اور حفظان صحت کو برقرار رکھنے کے لئے 10 سوک وارڈنوں کے دستے کے ساتھ ایک ایسی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں جرمانہ یا چالان کرنے کے علاوہ یہ شہری وارڈن بیداری مہم کے ذریعہ عوامی مقامات پرتھوکنے اور پیشاب کرنے کے  مضراثرات کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں گے۔ 
میونسپل کونسل کے یہ سوک وارڈن ایک مخصوص وردی میں اپنی ڈیوٹی کریں گے اور موقع پرچالان کے لئے ایک پی او ایس مشین بھی  ساتھ رکھیں گے۔پی اوایس مشین میں ای چالان کے ذریعہ جرمانہ ادا کیا جاسکے گا کیونکہ اگر کسی خلاف ورزی کرنے والے شخص کے پاس جرمانہ ادا کرنے کے لئے نقد نہ ہو تو وہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ بھی ادائیگی کرسکتا ہے۔اگر عوامی مقامات پرتھوکنے والے شخص کے پاس جرمانہ ادا کرنے کے پیسے نہ ہوں تو اسے متعلقہ قانون کے التزام کے تحت کارروائی کے لئے میونسپل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ 
پہلے مرحلہ مہم کی شروعات کناٹ پلیس،خان مارکٹ، گول مارکٹ،سروجنی مارکٹ، بنگالی مارکٹ،جن پتھ اوردیگر اہم مارکٹ علاقوں سے کی جائے گی ۔دوسرے مرحلے میں جولائی کےوسط تک اس مہم کے تحت پارکوں،بڑے باغات اورعوامی مقامات پرتھوکنے والوں کے خلاف میونسپل کونسل کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جرمانہ عائد کرنے کے لئے کارروائی کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS