کولکاتہ:وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر یقین دلانے کی کوشش کی ہے کہ ’شہریت ترمیمی ایکٹ‘کی وجہ سے کسی بھی ہندوستانی کی شہریت چھینی نہیں جائے گی۔وزیرا عظم جوکولکاتا کے 2 روزہ دورے پرہیں، نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں غلط فہمیاں پھیلارہی ہےں۔وزیرا عظم کی کولکاتا آمد کے موقع پر گزشتہ2دنوں سے کولکاتا میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں اورکولکاتا کی سڑکوں پر جا بجا ’مودی واپس جائو‘کے نعرے لکھے ہوئے ہیں۔رام کرشن مشن کے ہیڈ کوارٹربیلور مٹھ میں طلبا سے کہا کہ ’میں ایک بار پھر دوہراتا ہوں کہ شہریت ترمیمی ایکٹ کسی بھی شخص کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی اس کا مقصد کسی کی بھی شہریت کو چھیننا ہے، بلکہ یہ شہریت دینے والا قانون ہے۔وزیرا عظم نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے بعد مہاتما گاندھی اور دیگر بڑے لیڈران بھی پاکستان کے اقلیتی طبقہ جسے مذہبی بنیاد پر پریشانی اور ظلم کے شکار ہیں ان کیلئے یہ قانون بنایا گیا ہے‘ ۔
وزیرا عظم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اس قانون کو سمجھنے کو تیار نہیں ہےں اور ہندوستانی شہریوں کو گمراہ کررہی ہیں۔کچھ تنظیمیں اور جماعتیں بھی اس میں شامل ہیں۔مگر مجھے خوشی ہے کہ ملک کے نوجوان غلط فہمیوں کے ازالے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری نہیں ہے کہ مظلوم لوگوں کی مدد کی جائے ۔کیا آپ لوگوں کو ہمارا ساتھ نہیں دینا چاہیے ؟۔اس قانون کی وجہ سے پاکستان میں ہندوئوں پر ہونے والے مظالم سے متعلق دنیا کو واقفیت ہوئی ہے اور پاکستان کو جواب دینا پڑاہے ۔اس موقع پر سوامی وِویکانند کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرا عظم نے کہا کہ جب بیلور مٹھ کے بچے سی اے اے کے قانون کو سمجھ سکتے ہیں تو پھر اپوزیشن جماعتیں اس قانون کو کیوں نہیں سمجھ رہی ہیں۔وزیرا عظم نے کہا کہ ہم جو نوجوان اس قانون کو نہیں سمجھ رہے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انہیں سمجھائیں کہ جو لوگ ہمارے ملک میں پنا ہ گزیں ہیں، انہیں دوبارہ اس جہنم میں کیسے بھیجا جاسکتا ہے ۔خیال رہے کہ وزیرا عظم نریندرمودی کی کولکاتا آمد کے موقع پرکولکاتا میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں، اپوزیشن جماعتیں کانگریس، بایاں محاذ اور ترنمول کانگریس نے مختلف مقاما ت پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔سیکورٹی انتظاما ت سنبھال رہے پولےس اہلکار کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے راج بھون میں اور ہوڑہ برج کی لائٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیرا عظم کے ساتھ نظر آئیں، مگر ساتھ میں ہی وہ شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف ترنمول چھاترپریشد کے مظاہرے میں شرکت بھی کی۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ گرچہ پروٹوکو ل کے تحت وزیرا عظم مودی کا استقبال کیا ہے اور آئینی تقاضے کی پاسداری کی ہے۔تاہم میں نے وزیرا عظم مودی سے ملاقات کے دوران صاف صاف کہا ہے کہ ریاست میں شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آرسی نافذ کرنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے۔وزیرا علیٰ نے طلبا سے کہا کہ اس قانو ن کے خلاف عوام میں بیداری لائیں اور بتائیں یہ قانون ہندوستان کے دستور کے منافی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر سومن مترا نے کہا کہ وزیرا عظم مودی نے نصف باتیں بتائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین مذہبی بنیادوں پر تفریق کی اجازت نہیں دیتا ہے اور جب اس قانون کو این آر سی سے جوڑ دیا جائے گا تو یہ قانون خطرناک ہوجائے گا۔سی پی ایم پولٹ بیورو کے رکن محمد سلیم نے کہا کہ وزیرا عظم نے یہ تقریر سوامی وِویکانند کی سرزمین پر کیا ہے، جنہوں نے ایک ایسے ملک کی تعمیر کا خواب دیکھایا تھا، جہاں مذہب کی بنیاد پر تفریق کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔محمد سلیم نے کہا کہ وزیرا عظم اور بی جے پی لیڈروں کے بیانا ت میں تضادات ہیں۔کوئی بول رہا ہے کہ اس قانون کو این آر سی سے جوڑ کر دیکھا جائے اور وزیر اعظم بول رہے ہیں، این آر سی پر بات نہیں ہوئی ہے تو پھر ہم کس پر یقین کریں۔واضح رہے کہ محمدسلیم گزشتہ 2دنوں سے وزیر اعظم مودی کے خلاف بایاں محاذ کے احتجاج کی قیادت کررہے ہیں۔ چونکہ وزیرا علیٰ شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج بھی کررہی ہیں اس کی وجہ سے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کو سخت تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا۔دوسرے دن بھی وزیرا عظم کے خلاف بایاں محاذ، کانگریس، ترنمول کانگریس اور دیگر تنظیموں کی جانب سے احتجاج ہورہا ہے ۔وزیرا عظم مودی جب کلکتہ پورٹ ٹرسٹ کی تقریب میں شرکت کیلئے نیتاجی انڈرو اسٹڈیم پہنچ رہے تھے کانگریس کے کچھ کارکنان نیتاجی انڈرو اسٹڈیم تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے اور نعرے بازی کرنے لگے تاہم پولس نے کنٹرول کرلیا۔اس وقت کانگریس اور بی جے پی ورکروں کے درمیان جھڑپ کی نوبت بھی پیدا ہوگئی تھی۔نیتاجی انڈرو اسٹڈیم جہاں وزیرا عظم ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے اور چند میٹر کی دوریوں پر بڑے پیمانے پر احتجاج ہورہا تھا اور ’مودی واپس جائو‘کے نعرے لگ رہے تھے ۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کلکتہ پورٹ نے ہندوستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
اپوزیشن پارٹیاں عوام کو گمراہ کررہی ہیں:وزیراعظم
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS