لوک سبھا الیکشن کیلئے کانگریس کا منشور جاری

0

نئی دہلی (ایجنسیاں): لوک سبھا انتخابات 2024 کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ 19 اپریل کو ہونی ہے۔ اس سے پہلے کانگریس پارٹی نے آج جمعہ (05 اپریل) کو اپنا منشور جاری کر دیا۔ کانگریس پارٹی نے دہلی میں اپنے ہیڈکوارٹر میں اپنا وژن دستاویز اور منشور جاری کیا۔ کانگریس نے اپنے منشور کو ’نیائے پتر‘ یعنی انصاف نامہ کے نام سے جاری کیا ہے۔

پارٹی نے اپنے منشور میں 5 نیائے شامل کیے ہیں، جو حصہ داری نیائے، یووا نیائے، ناری نیائے، کسان نیائے اور شرمک یعنی مزدور نیائے ہیں۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’ہم مل کر اس غیر منصفانہ دور کے اندھیرے کو دور کریں گے اور ہندوستان کے لوگوں کیلئے ایک خوشحال، انصاف سے بھرپور اور ہم آہنگ مستقبل کی راہ ہموار کریں گے۔‘

کانگریس پارٹی کے منشور میں کہا گیا ہے کہ پارٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہر شہری کی طرح اقلیتوں کو بھی لباس، خوراک، زبان اور پرسنل لاز کے انتخاب کی آزادی ہو۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ پرسنل لاز میں اصلاحات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور اس طرح کی اصلاحات متعلقہ کمیونٹیوں کی شرکت اور رضامندی سے کی جانی چاہئیں۔

کانگریس کے انتخابی منشور میں کئے گئے اہم اعلانات یہ ہیں: ذاتوں اور ذیلی ذاتوں اور ان کے سماجی و اقتصادی حالات کی گنتی کیلئے ملک گیر سماجی، اقتصادی اور ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی۔ اعداد و شمار کی بنیاد پر مثبت ایکشن ایجنڈے کو تقویت دی جائے گی۔ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کیلئے ریزرویشن کی حد میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔معاشی طور پر کمزور طبقات (ای ڈبلیو ایس) کیلئے ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں 10 فیصد ریزرویشن تمام ذاتوں اور کمیونٹیوں کیلئے بغیر کسی امتیاز کے لاگو کیا جائے گا۔ایک سال کے اندر اندر ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے لیے مخصوص عہدوں کے تمام بیک لاگ اسامیوں پر بھرتی کی جائے گی۔ کانگریس سرکاری اور پبلک سیکٹر کے اداروں میں باقاعدہ ملازمتوں کے کنٹریکٹ سسٹم کو ختم کر دے گی۔گھر بنانے، کاروبار شروع کرنے اور جائیداد کی خریداری کیلئے ایس سی اور ایس ٹی کو ادارہ جاتی لون میں اضافہ
کیا جائے گا۔

لینڈ سیلنگ ایکٹ کے تحت غریبوں میں سرکاری اراضی اور فاضل اراضی کی تقسیم کی نگرانی کیلئے ایک اتھارٹی قائم کی جائے گی۔پبلک پروکیورمنٹ پالیسی کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، تاکہ ایس سی اور ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے ٹھیکیداروں کو مزید پبلک ورک کنٹریکٹس دیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلورو کیفے دھماکہ کے معاملے میں این آئی اے نے بی جے پی کارکن کو حراست میں لیا

او بی سی، ایس سی اور ایس ٹی طلبا (خاص طور پر اعلیٰ تعلیم کیلئے) اسکالرشپ کی رقم کو دوگنا کر دیا جائے گا۔ ایس سی اور ایس ٹی طلبا کو بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے اور پی ایچ ڈی کرنے میں مدد کرنے کیلئے وظائف کی تعداد کو دوگنا کیا جائے گا۔غریب، ایس سی اور ایس ٹی طلبا کیلئے رہائشی اسکولوں کا نیٹ ورک بنایا جائے گا اور اسے ہر بلاک تک پھیلایا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS