نئی دہلی (ایجنسیاں): انڈین پریمیئر لیگ کا اگلا سیزن 22 مارچ سے شروع ہوگا اور لوک سبھا انتخابات کے باوجود اس کا پورے ملک میں اہتمام کیا جائے گا۔ آئی پی ایل کیچیئرمین ارون دھومل نے پی ٹی آئی کو یہ اطلاع دی۔ عام انتخابات اپریل اور مئی میں ہونے کا امکان ہے اور اسی وجہ سے آئی پی ایل کے 17ویں سیزن کا شیڈول ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔ دھومل نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ابتدائی طور پر صرف اس لیگ کے پہلے 15 دنوں کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔ بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان عام انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد کیا جائے گا۔
لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان اگلے ماہ کے اوائل میں ہونے کا امکان ہے۔ دھومل نے کہا، ”ہم 22 مارچ سے ٹورنامنٹ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ہم سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ہم ابتدائی پروگرام جاری کرنے والے پہلے ہوں گے۔ پورا ٹورنامنٹ ہندوستان میں منعقد کیا جائے گا۔“ اس سے قبل 2009 میں عام انتخابات کے دوران آئی پی ایل کا پورا سیزن جنوبی افریقہ میں منعقد کیا گیا تھا، جب کہ 2014 میں اس کے کچھ میچ یو اے ای میں منعقد کیے گئے تھے۔ اس کے بعد 2019 کے عام انتخابات کے دوران اس لیگ کو پورے ملک میں منظم کیا گیا۔
جون میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے پیش نظر آئی پی ایل کا فائنل 26 مئی کو منعقد کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم 5 جون کو نیویارک میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس ٹورنامنٹ کا آغاز یکم جون کو امریکہ اور کینیڈا کے میچ سے ہوگا۔ عام طور پر آئی پی ایل کا افتتاحی میچ پچھلے سال کے فاتح اور رنر اپ کے درمیان ہوتا ہے۔ ایسے میں اس کا ابتدائی میچ چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلے جانے کا امکان ہے۔
2024 کے سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی گزشتہ سال دسمبر میں ہوئی تھی۔ اس منی نیلامی میں 300 سے زائد کھلاڑیوں کی قسمت داؤ پر لگی ہوئی تھی۔ تاہم ان میں سے صرف 72 کھلاڑیوں پر بولیاں لگائی گئیں۔ نیلامی میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک سب سے مہنگے کھلاڑی قرار پائے۔ انہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24.75 کروڑ روپے میں خریدا۔ وہیں، پیٹ کمنز کو سن رائزرس حیدرآباد نے 20.50 کروڑ میں خریدا۔ اس نیلامی میں چھ کھلاڑیوں پر 10 کروڑ یا اس سے زیادہ کی بولیاں لگائی گئیں۔ کل 39 کھلاڑی کروڑ پتی بن گئے، یعنی ان پر ایک کروڑ یا اس سے زیادہ کی بولی لگائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ویراٹ کوہلی کے گھر نئے مہمان کی آمد، انوشکا شرما نے بیٹے کو جنم دیا
نیلامی میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والا ہرشل پٹیل سب سے مہنگا فروخت ہوا۔ انہیں پنجاب کنگز نے 11.75 کروڑ روپے میں خریدا۔ سمیر رضوی اس نیلامی کے سب سے مہنگے ان کیپڈ کھلاڑی تھے۔ انہیں چنئی سپر کنگز نے 8.40 کروڑ روپے میں خریدا۔ نیلامی سے پہلے تمام ٹیموں کے پاس خرچ کرنے کے لیے کل 262.95 کروڑ روپے تھے۔ 10 ٹیموں نے کل 230.45 کروڑ روپے خرچ کئے۔