نئی دہلی (یواین آئی): کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی غیر ضروری طور پر پارلیامنٹ میں سیکورٹی سے متعلق مسئلہ پر سیاست کرکے اس سنگین معاملے کو سیاسی رنگ دے رہی ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن نہیں بلکہ بی جے پی، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ اس مدے پر سیاست کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس وزارت داخلہ کے ماتحت ہے اور دہلی پولیس نے عدالت میں کہا ہے کہ یہ ایک دہشت گردانہ حملہ ہے جب کہ اپوزیشن مسلسل اسے سیکورٹی میں چوک کا مدا قرار دے رہی ہے، اس لئے اپوزیشن نہیں بلکہ بی جے پی اس پر سیاست کر رہی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا دعویٰ ہے کہ پارلیامنٹ کی نئی عمارت دنیا کی سب سے محفوظ عمارت ہے۔ پارلیامنٹ کی اس عمارت کی تعمیر پر اقتصادی بحران کے دوران بھی خطیررقم خرچ کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پارلیمنٹ میں مسلسل دوسرے دن بھی ہنگامہ، کارروائی پیر تک ملتوی
انہوں نے سوال کیا کہ جس ایم پی نے ان نوجوانوں کو پاس دیاتھا وہ کون ہے۔ اس سے بڑی بات یہ ہے کہ سیکیورٹی کے معاملے پر آواز اٹھانے والے اراکین پارلیمنٹ کو ایوان سے معطل کیا جا رہا ہے اور جس رکن پارلیمنٹ نے نوجوانوں کو پارلیمنٹ ہاؤس کا پاس دیا ان کے خلاف کچھ نہیں ہورہا ہے۔