نئی دہلی: قطر نے سابق نیوی اہلکاروں کی سزائے موت کے خلاف بھارتی اپیل منظور کرلی ہے۔ بھارتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قطر کی عدالت نے بھارتی حکومت کی جانب سے نیوی کے 8 سابق اہلکاروں کی سزائے موت کے خلاف کی جانے والی اپیل کو منظور کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر کی عدالت نے بھارتی حکومت کی اپیل پر کہا ہے کہ اس اپیل کا جائزہ لیا جارہا ہے جس پر سماعت آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
واضح رہے کہ قطر کی عدالت نے گزشتہ ماہ 26 اکتوبر کو نیوی کے 8 سابق اہلکاروں کو سزائے موت سنائی تھی جس پر بھارتی وزارت خارجہ نے کسی قسم کا سخت بیان جاری نہیں کیا تھا تاہم وزارت خارجہ کے حکام نے کہا تھا کہ حکومت اس حوالے سے سفارتی چینل استعمال کرتے ہوئے قانونی راستہ اختیار کرے گی۔
مزید پڑھیں: حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کا آغاز
رپورٹس کے مطابق قطر نے گزشتہ سال اگست میں بھارتی نیوی کے 8 سابق اہلکاروں کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، یہ تمام افراد ایک نجی کمپنی میں ملازم تھے جنہیں قطر کی انٹیلی جنس نے دوحہ سے گرفتار کیا تھا، قطری حکام کی جانب سے ان تمام افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی گئی تھیں اور عدالت نے انہیں سزائے موت کا حکم دیا تھا۔