ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے حملے میں 3 سیکورٹی اہلکار جاں بحق

0
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے حملے میں 3 سیکورٹی اہلکار جاں بحق

اسلام آباد (یواین آئی): خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں تھانہ درابن پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3 سیکورٹی اہلکار جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ اسمٰعیل خان پولیس نے حملے میں 3 سیکورٹی اہلکاروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے تھانے کے مین گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی، اس دوران تھانے کے قریب فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، حملے میں 3اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی گئی جب کہ 16 اہلکار زخمی ہیں۔

پولیس کے مطابق حملے کے اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی نفری درابن تھانے کی جانب روانہ کردی گئی ہے ۔ڈان نیوز کے مطابق حملے کے بعد ڈیرہ اسمٰعیل خان کے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تحصیل درابن میں اسکول اور کالج میں آج ہونے والا پیپر بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان میں خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: دفعہ 370 پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو پاکستان نے خارج کیا

دو روز قبل بلوچستان کے ضلع خضدار میں سلطان ابراہیم روڈ پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے افسر کی گاڑی کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا، دھماکے میں ایس ایچ او نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS