image: reportwire.in

ایک بری،غداری کے الزام میں 7سال تک چلا مقدمہ،انجینئرنگ کے طلباتھے تمام ملزمین
جے پور (ایجنسیاں): جے پور راجستھان کی ضلع عدالت نے سیمی کے 13 کارکنان میں سے 12 کو غداری اور دھماکہ خیز مادّہ رکھنے کے الزام میں قصوروار مانا اور عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ایک کو عدالت نے بری کردیا ہے۔تمام ملزمین انجینئرنگ کے اسٹوڈنٹ تھے اور ان پر ’انڈین مجاہدین‘کیلئے کام کرنے کا الزام تھا۔ انہیں 2014 میں گرفتار کیاگیاتھا۔ ان تمام ملزمان پر دہشت گرد انہ حملوں کی منصوبہ بندی ، بم بنانے کی تربیت ، جعلی دستاویز سے سم خریدنے ، جہاد کے نام پرفنڈ جمع کرنے ، دہشت گردوں کو پناہ دینے اور بم دھماکوں کے مقامات پر ریکی کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔ ان پر الزام تھا کہ یہ نوجوان کالعدم تنظیم سیمی سے وابستہ ہیں اور وہ راجستھان میں دہشت گردانہ کارروائی کرنے کیلئے بم بنانے سمیت دیگر بہت سے کام خاموشی سے کر رہے تھے۔7سال پرانے اس معاملے میں جن لوگوں کو سزا سنائی گئی ہے، ان میں 6سیکر ، 3جودھ پور ، ایک -ایک جے پور اور پالی اور ایک بہار کے گیا سے تعلق رکھنے والے ہیں، جس کو بری کیا گیا ہے، وہ جودھ پور کا رہنے والاہے۔اہم بات یہ ہے کہ یہ تمام ملزمان گوپال گڑھ میں فائرنگ سے ناراض تھے اور وہ صرف اس کا انتقام لینے کیلئے دہشت گرد انہ حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اے ٹی ایس نے ان ملزمین سے لیپ ٹاپ ، فون ، پین ڈرائیو ، کتابیں اور الیکٹرانک دستاویز برآمد کی تھیں۔ دہلی اے ٹی ایس کی اطلاع پر راجستھان اے ٹی ایس نے 28 مارچ 2014 کو ایف آئی آر درج کی تھی۔جس میں عبد المجید ، محمد واحد ، محمد عمر ، محمد عاقب ، محمد وقار ، محمد عمار ، برکت علی ، مشرف اقبال ، محمد معروف ، اشرف علی ، محمد ثاقب انصاری ، وقار اظہر اور محمد سجاد کو ملزم بنایاتھا۔ وہیں ایک ملزم سجادسرکاری گواہ بنااور اسے بھی سزا سنائی گئی ہے۔اس معاملے میں 7برسوں تک عدالت میں مقدمہ چلا۔ 178گواہ اور 506 دستاویزی ثبوت کورٹ میں پیش کئے گئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS