پالگھر :(یو این آئی) مہاراشٹرمیں پالگھر کے ویرار میں واقع اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں جمعہ کی صبح آتشزدگی کے نتیجے میں 13 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ویرار کے وجئے ولبھ اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں صبح تقریباً سوا تین بجے ائیرکنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچیں فائر بریگیڈوں نے آگ بجھانے کا کام شروع کیا اور ساڑھے پانچ بجے تک اس پر قابو پالیا گیا۔
تھانہ میونسپل کارپوریشن کے ریجنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے افسر سنتوش کدم نے بتایا کہ وارڈ میں کل 17 مریض داخل تھے ، جن میں 13 افراد دم توڑ گئے اور چار دیگر مریضوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اوما سریش کنگٹکر (63) ، نلیش بھوئر (35) ، پرتھیوراج ولبھ داس وشنو (68) ، رجنی کاڈو (60) ، نریندر شنکر شنڈے (58) ، جناردن موریشور مہاترے (63) ، کمار کشور دوشی (45) ، رمیش اپاین (55) ، پروین شیو لال گوڑا (65) ، امے راجیش راہوت (23) ، شیاما ارون مہاترے (48) ، سوورنا وٹالے (64) اور سپریہ دیشمکھ (43) کےطور پر ہوئی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انتظامیہ کو نجی اسپتالوں کی طرف سے ایسے واقعات کے دوران آگ لگنے سے حفاظت کے اقدامات کے انتظامات کی جانچ کے احکام بھی دیئے گئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS