وشاکھاپٹنم کے کمیکل پلانٹ سے زہریلی گیس کا اخراج 10 افراد کی موت، 5000 سے زائد افراد بیمار

0

آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم کے کمیکل پلانٹ سے اسٹرئین گیس کے اخراج کے سبب تقریبا 10 افراد بشمول 8سالہ بچی اور دو بزرگ افراد کی موت واقع ہوگئی اور 5000 سے زائد افراد بیمار ہوگئے ہیں۔  جن کو علاج کے لئے وشاکھاپٹنم کے مختلف اسپتالوں میں داخل کروایا گیا ہے۔ایمبولنس اور فائر انجنس کے ساتھ ساتھ پولیس کمیکل پلانٹ پہنچی ہیں اور راحت رسانی آپریشن جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس پلانٹ کی گیس تین کیلو میٹر کے احاطہ میں پھیل گئی جس سے تقریبا سینکڑوں افراد اس زہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس واقعہ کے سبب پانچ مواضعات بشمول آرآر وینکٹاپورم، پداپورم، بی سی کالونوی اور کمپارالاپالم متاثر ہوئے۔ کمیکل گیس پلانٹ کے قریب رہنے والے افراد نے آنکھیں جلنے اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔گریٹر وشاکھاپٹنم میونسپل کارپوریشن نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ گوپال پٹنم کے ایل جی پالی مرس میں گیس کے اخراج کا واقعہ پیش آیا۔شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ ان مقامات پر نہ جائیں اور اپنے مکانات سے احتیاطی اقدام کے طورپر نہ نکلیں۔گیس کے اخراج کی اصل وجہ کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی ایم اے کی ٹیمیں اس علاقہ میں تعینات کردی گئی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے وشاکھاپٹنم کی صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کا اجلاس طلب کیا۔ اس دوران مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بھی موجود رہے۔ 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS