‘میڈ اِن انڈیا’ ویکسین خود انحصار ہندوستان کی عکاسی: امیت شاہ

0

نئی دہلی:  مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج  کورونا وائرس کی دیسی ویکسین کو  غیر معمولی کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا  کہ 'میڈ ان انڈیا' ویکسین  خود انحصار ہندوستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
 وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ہفتہ کے روز ملک بھر میں کورونا کی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیے جانے کے بعد امیت شاہ نے ٹویٹ کیا کہ "آج ملک ایک تاریخی لمحے کا گواہ بن رہا ہے۔  ہندوستان نے نریندر مودی کی قیادت میں کورونا کے خلاف لڑائی میں ایک اہم مرحلے کو پار کرلیا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم ہندوستان کے سائنس دانوں کی بے پناہ صلاحیتوں اور ہماری قیادت کی طاقت کو ظاہر کرتی ہے"۔
کورونا  وائرس کی عالمی وبا پر انسانوں کی فتح میں ہندوستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ہندوستان ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے انسانیت کے خلاف پیدا ہونے والے سب سے بڑے بحران کو ختم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے"۔
انہوں نے کہا کہ "اس بے مثال کامیابی پر ہر ہندوستانی کو فخر ہے۔ یہ دنیا  کے منظرنامے پر ایک نئے خود انحصار ہندوستان کا ظہور ہے۔تمام سائنسدانوں کو بہت  مبارکباد"۔
دیسی ویکسین کو خود انحصار   ہندوستان کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ " یہ 'میڈ اِن انڈیا' ویکسین  خود انحصار ہندوستان کے عزم کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس تاریخی دن پر  میں اپنے تمام کورونا سپاہیوں کو سلام پیش کرتا ہوں'۔
 آج سے ہندوستان میں کورونا کی ٹیکہ کاری مہم شروع ہوچکی ہے۔ پہلے دن ملک بھر میں تین سو سے زائد مقامات پر تقریبا 100  افراد کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS