آسٹریلیا پر زمبابوے کی تاریخی جیت

0

اؤنس ول (یو این آئی) : زمبابوے نے ہفتہ کے روزریان برل (پانچ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا کواسی کی سرزمین پر پہلی بار شکست دیتے ہوئے تیسرے ون ڈے میں تین وکٹوں سے جیت حاصل کی۔
زمبابوے نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کے لیے بلایا اور محض 142 رن پر آل آؤٹ کردیا تھا۔ کنگارو ٹیم کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ 94 (96) رن بنائے جب کہ گلین میکسویل نے 22 گیندوں پر 19 رن بنائے ۔ ان دونوں کے علاوہ آسٹریلیا کا کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسوں تک نہیں پہنچ سکا۔
زمبابوے کی جانب سے برل نے تین اووروں میں محض 10 رن دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے جس میں وارنر کا قیمتی وکٹ بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ بریڈ ایونز نے دو جبکہ رچرڈ انگوارا، وکٹر نیوچی اور شان ولیمز نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
زمبابوے کے اوپنروں نے 142 رن کے کم ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔تاکودزوناشے کائٹانو اور تادیوناشے مارومانی نے پہلے وکٹ کے لیے 38 رنوں کا اضافہ کیا۔ کیتانو نے 19 (25) اور مارومانی نے 35 (47) اسکور کئے ۔مڈل آرڈر کی ناکامی کی وجہ سے زمبابوے کا اسکور 77 رن پر پانچ وکٹ ہو گیا اور سکندر رضا (08) بھی پویلین لوٹ گئے تاہم ریگیس چکابوا نے کپتانی کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔
چکابوا نے 72 گیندوں پر 38 رنوں کے دوران ایک بھی جوکھم بھرا شاٹ نہیں کھیلا۔ انہوں نے ٹونی منیونگا کے ساتھ 38 رن کی شراکت قائم کر کے زمبابوے کی میچ میں واپسی کرائی۔ زمبابوے کی جیت سے پہلے منیونگا اور برل (11) کے وکت گر گئے ، لیکن آخر میں بریڈ ایوانز نے مچل سٹارک کی گیند پر سنگل لیکر میچ ختم کیا۔یہ زمبابوے کی آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں پہلی جیت ہے ۔ دوسری جانب آسٹریلیا نے اس شکست کے باوجود تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS