اتراکھنڈ: وزراکے رشتہ داروں کی تقرری کی جانچ کیلئے کمیٹی تشکیل

0
Image: The Economic Times

نئی دہلی ( ایجنسیاں) : اتراکھنڈ اسمبلی میں بی جے پی کے وزرا اور ان کے چہیتوں کو بغیر امتحان کے نوکریاں دینے کے معاملے کی اب جانچ ہوگی۔اسمبلی اسپیکر ریتو کھنڈوری نے پورے معاملے کی جانچ کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کو آئندہ ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اسمبلی سکریٹری مکیش سنگھل کو چھٹی پر بھیج دیا گیاہے۔ مکیش سنگھل جانچ مکمل ہونے تک چھٹی پر رہیں گے۔ اس پورے معاملے کی جانچ2 مرحلوں میں پوری کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں سال 2000 سے 2011 تک اور دوسرے مرحلے میں 2011 سے 2022 تک کی گئی بھرتیوں کی چھان بین کی جائے گی۔اتراکھنڈ میں اس معاملے میں کافی عرصے سیجانچ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، اب خود کو پھنستے دیکھ کر بی جے پی حکومت نے جانچ کرانے کافیصلہ کیا ہے۔ اس پورے معاملے کے بارے میں اسمبلی اسپیکر ریتو کھنڈوری نے ہفتہ کو کہا کہ اتراکھنڈ اسمبلی میں 2000-21 تک کی گئی تمام تقرریوں کی جانچ کی جائے گی۔ ہم نے ایک ماہ میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے۔ تحقیقاتی عمل پر کوئی اثر انداز نہ ہوسکے ، اس کے لئے اسمبلی سکریٹری کو فوری طور پر مہینے بھرکیلئے چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس معاملے سے متعلق ایک فہرست کچھ دنوں پہلے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس فہرست میں وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے لے کر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری تک بغیر کسی امتحان کے قریبی اور رشتہ داروں کو نوکریاں دینے کی بات سامنے آئی تھی۔ اس سے پہلے کہ اپوزیشن اس معاملے پر سیاست کر پاتی، کانگریس کے پسندیدہ لیڈروں کو نوکری دینے کی نئی فہرست سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی۔ اس فہرست میں کانگریس کے سابق ریاستی صدر گنیش گودیال، یشپال آریہ اور گووند سنگھ کے مبینہ قریبی رشتہ داروں کو نوکری ملنے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS